خلیج اردو : دبئی سے پاکستان آنے والی خلیجی ائیرلائن ‘فلائی دبئی’ کی پرواز میں پاکستانی مسافر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق، فلائی دبئی کی پرواز دبئی سے فیصل آباد آ رہی تھی، مسافر عقیل اشرف کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی میں اتارا گیا جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق دبئی سے پاکستان آنے والی غیر ملکی ائیرلائن کی پرواز میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ فلائی دبئی ائیرلائن کی پرواز نے دبئی سے فیصل آباد کیلئے اڑان بھری، تاہم دوران پرواز طیارے میں سوار عقیل اشرف نامی مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی۔ مسافر کو دوران پرواز دل کا دورہ پڑا جس کے بعد فلائی دبئی کی پرواز کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی طور پر لینڈ کروایا گیا۔ مسافر عقیل اشرف کو پرواز سے اتار کر طبی معائنہ کیا گیا، تاہم تب تک مسافر کی موت واقع ہو چکی تھی۔
فلائی دبئی کی پرواز مسافر کی میت کو کراچی میں ہی چھوڑ کر فیصل آباد کیلئے روانہ ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے مسافر کی میت کو فیصل آباد پہنچانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔







