خلیج اردو آن لائن:
نجی خبر رساں ادارے خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی سٹی فیسٹیول میں واقع رابنسن ڈیپارٹمنٹ اسٹور کو بند کر دیا گیا۔
اسٹور کی کمیونیکیشن ٹیم کی جانب سے میڈیا کودیے گئے بیان میں بتایا گیا ہےکہ اسٹور کو بند کرنے کا فیصلہ کورونا وبا کے دوران پیدا ہونے والے چیلنجز کی وجہ سے صارفین کی ترجیحات میں تبدیلی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "پچھلے کچھ سالوں کے دوران ہمارے ساتھ چلنے پر ہم اپنے صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ الفطائم گروپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے ہمیں فخر ہے کہ ہمارے صارفین کی خدمت جاری رہے گی”۔
رابنسن اسٹور دبئی فیسٹیول سٹی مال کے گراؤنڈ فلور پر واقع تھا۔
کمپنی کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے دوران دیگر کاروباری کمپنیوں کی طرح رابنسن نے بھی اپنے صارفین اور ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن "اب ہمیں صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کے مطابق خود کو بدلنا تھا”۔
خیال رہے کہ کورونا وبا کے باعث دبئی میں ایوی ایشن، ریستورانوں اور سیاحت کے شعبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم، متحدہ عرب امارات میں رٹیل بزنس کا مستقبل ابھی بھی روش نظر آتا ہے۔
Source: Khaleej Times







