خلیج اردو آن لائن:
دبئی حکام نے اس سال کے پہلے مہینوں کے اندر مختلف قوانین کی 4400 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔ ان خلاف ورزیوں کی شناخت کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا ہے۔
البیان کے مطابق اس خطے میں یہ اپنی طرز کا پہلا ایسا پراجیکٹ ہے جو گلیوں میں سیکیورٹی کنٹرول کرنے اور جدید طریقے سے مجرموں کا پیچھا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ چونکہ یہ ڈرونز جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہیں لہذا گلیوں اور تنگ جگہوں پر ہائی ریزولیشن کے ساتھ مطلوبہ چہروں کی شناخت کر سکتے ہیں اور تصویریں کھینچ سکتے ہیں۔
اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اس سال کے پہلے 4 مہینوں میں 4400 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ جن میں سے 518 خلاف ورزیاں ماسک نہ پہننے سے متعلق تھیں، اور 37 خلاف ورزیاں لاپرواہی سے سڑک پار کرنے سے متعلق تھیں۔
مزید برآں، پولیس نے ٹریفک قوانین کی 2933 خلاف ورزیاں نوٹ کیں، سائیکلنگ سے متعلق قوانین کی 128 خلاف ورزیاں، مطلوبہ کاروں سے متعلق 159 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں اور الیکٹرک بائیکس سے متعلق 706 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ پولیس نے ان ڈرونز کی مدد سے منشیات کی روک تھام میں بھی مدد لی۔
نائف پولیس کے مطابق انہوں نے یہ پراجیکٹ دو ڈرونز کے ساتھ ایک تجربے کے طور پر لانچ کیا تھا جس نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
ڈرونز کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرونز چہروں کی شناخت اور کاروں کی نمبر پلیٹوں کی شناخت کرنے میں کامیاب رہے۔ نائف پولیس تھانے کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ان ڈرونز کی مدد سے پولیس نے کئی جعل سازوں کو مانیٹر کیا اور انہیں رنگ ہاتھوں گرفتار بھی کیا ہے۔
Source: Khaleej Times







