
خلیج اردو
اسلام آباد : بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل عام جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ اور سری نگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران چار مزید کشمیریوں کو قتل کر دیا گیا۔
پاکستان نے بھارتی وحشیانہ بربریت، ماورائے عدالت قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019ء کے غاصبانہ قبضے کے بعد سے 621 کشمیری شہید کیے۔
رواں سال قابض فورسز نے 98 کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت لاک ڈاؤن، وحشیانہ محاصرے، طاقت کے اندھا دھند استعمال سے کشمیری عزم کو دبا نہیں سکتا۔پاکستان عالمی برادری کی بھارتی قابض فورسز کے جاری قتل عام پر توجہ دلاتا رہا ہے۔بھارت کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشتگردی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل عام کا مقصد کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بناتا ہے۔ دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
بھارت اقوام متحدہ کمیشن آف انکوائری کو آزادانہ تحقیقات کی اجازت دے۔ عالمی برادری جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن، استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر حل کرائے۔
پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں، کشمیری امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر حل کیا جائے اور تنازعہ جموں و کشمیر کا منصفانہ، پرامن حل ناگزیر ہے، عالمی دنیا کردار ادا کرے۔







