متحدہ عرب امارات

الشندغہ میں نیا پل کھل گیا، شارجہ سے دبئی کے مسافروں کیلئے راحت کا سبب

خلیج اردو
دبئی: دبئی کے الشندغہ علاقے میں نیا پل کھلنے سے شارجہ سے دبئی آنے والے ہزاروں مسافروں کو روزانہ ٹریفک کی اذیت سے نجات مل گئی ہے۔ یہ پل انفنٹی برج کے بعد شیخ زاید روڈ کی سمت واقع ہے اور اب یہ الخلیج اسٹریٹ کو خالد بن الولید روڈ سے جوڑتا ہے، جس کے ذریعے دبئی فریم، الخیل روڈ اور شہر کے دیگر مرکزی علاقوں تک رسائی میں نمایاں سہولت میسر آئی ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ فاصلہ بدستور وہی ہے، مگر نیا پل رش کے اوقات میں ٹریفک کے دباؤ کو ختم کرنے میں موثر ثابت ہو رہا ہے۔ النہدہ شارجہ کے رہائشی محمد ندیم، جو روزانہ البرشاء دفتر جاتے ہیں، کہتے ہیں کہ اس راستے نے ان کے روزمرہ سفر کو انتہائی آسان اور کم خرچ بنا دیا ہے۔ ان کے بقول: ’’میں اب الممزر سالک گیٹ عبور کر کے کورنیش اسٹریٹ سے انفنٹی پل کے ذریعے نئے پل پر آ جاتا ہوں، جو براہ راست الخیل روڈ سے جوڑ دیتا ہے۔‘‘

محمد ندیم نے مزید بتایا کہ اب انہیں نہ صرف وقت کی بچت ہو رہی ہے بلکہ روزانہ 18 سے 20 درہم سالک فیس اور ایندھن کے اخراجات میں بھی واضح کمی آئی ہے، کیونکہ انہیں بار بار کے ٹول گیٹس اور ٹریفک جام کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

تاہم، شام کے وقت واپسی پر بعض مقامات پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ مارکیٹنگ ایگزیکٹیو عمر السعیدی نے بتایا کہ شام کو انفنٹی پل پر واپسی کے وقت خاصی بھیڑ ہو جاتی ہے، خاص طور پر واٹر فرنٹ مارکیٹ اور الممزر سے اتحاد روڈ کی طرف نکلنے والے مقام پر۔ ان کے مطابق: ’’صبح کا راستہ تنگی سے کشادگی کی طرف جاتا ہے جبکہ شام کو معاملہ اس کے برعکس ہو جاتا ہے۔‘‘

نیو گولڈ سوق ایکسٹینشن کے قریب رہنے والے صفدر علی کا کہنا ہے کہ نیا پل ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ پہلے وہ دفتر پہنچنے میں 40 منٹ لیتے تھے، اب صرف 15 سے 20 منٹ میں دفتر پہنچ جاتے ہیں۔ ان کے مطابق واپسی کے وقت بھی انفنٹی پل سے براہ راست ان کے پارکنگ کی طرف نکلنے کا راستہ دستیاب ہے، جو شام کے رش سے بچاتا ہے۔

مسافروں نے امید ظاہر کی ہے کہ دبئی اور شارجہ کے درمیان دیگر شاہراہوں پر بھی اسی طرز کے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے تاکہ بڑھتی ہوئی ٹریفک کا بوجھ مؤثر طور پر کم کیا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button