متحدہ عرب امارات

دبئی میں ای-سکوٹر سوار حادثے سے بال بال بچ گیا، موبائل فون پر بات کرنے والا ڈرائیور ذمہ دار قرار

خلیج اردو
دبئی (17 اپریل 2025)
دبئی پولیس نے سڑک پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ایک نئی ٹریفک آگاہی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں ایک ای-سکوٹر سوار کو ایک کار سے ٹکراتے ٹکراتے بچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کس طرح ایک معمولی غلطی جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

یہ ویڈیو دبئی کی سڑک پر نصب نگرانی کیمروں سے حاصل کی گئی، جس میں ای-سکوٹر سوار سڑک پار کرنے کی کوشش کرتا ہے جبکہ ایک کار اسے ٹکر مارنے ہی والی ہوتی ہے۔ واقعے میں دونوں فریق قصوروار قرار دیے گئے۔ ای-سکوٹر سوار کو سڑک پار کرتے وقت اتر کر پیدل چلنا چاہیے تھا جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موبائل فون پر بات کر رہا تھا اور ٹریفک سگنل سرخ ہونے کے باوجود بروقت گاڑی نہ روک سکا۔

متعلقہ قوانین کے تحت دونوں افراد کو جرمانے اور سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دبئی پولیس نے یاد دہانی کروائی ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال متحدہ عرب امارات میں ممنوع ہے اور اس پر جرمانے اور بلیک پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔

ابوظہبی میں بھی گزشتہ روز موبائل فون استعمال کرنے والے ڈرائیوروں کی وجہ سے ہونے والے متعدد حادثات کی ویڈیو جاری کی گئی۔

دوسری جانب، دبئی میں سائیکل سواروں اور ای-سکوٹر صارفین کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جلد ہی ایک "پرسنل موبیلٹی مانیٹرنگ یونٹ” قائم کیا جا رہا ہے جو سائیکلنگ ٹریکس پر ٹریفک قوانین کی پاسداری اور عوامی شعور بیدار کرنے کا کام کرے گا۔

اعداد و شمار کے مطابق دبئی میں پچھلے سال 254 سائیکل اور ای-سکوٹر سے متعلق حادثات رپورٹ ہوئے، جن میں 10 افراد جاں بحق اور 259 زخمی ہوئے۔

پچھلے سال دبئی پولیس نے لاپرواہی سے گاڑی چلانے، اچانک لین تبدیل کرنے اور موبائل فون کے استعمال کے خلاف سخت قوانین نافذ کیے تھے، جن کے تحت 30 دن تک گاڑی ضبط کی جا سکتی ہے۔ اب جدید کیمروں کی مدد سے سیٹ بیلٹ نہ پہننے اور موبائل فون کے استعمال جیسے خلاف ورزیوں کا پتا لگایا جا رہا ہے، چاہے گاڑی کے شیشے گہرے رنگ کے ہوں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button