
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن مشنز جنرل جین پیر لاکروا سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کا بھرپور حامی رہا ہے اور عالمی امن کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے کہ اقوام متحدہ کی پولیس کی سربراہی اس وقت پاکستان پولیس سروس کے ایک افسر کے پاس ہے۔ وزیر داخلہ نے اقوام متحدہ کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں امن مشنز کے لیے ریجنل کورسز کرانے کی پیشکش بھی کی اور اس بات پر زور دیا کہ امن مشنز کو مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔
جنرل جین پیر لاکروا نے اقوام متحدہ میں پاکستانی پولیس افسران کی دوبارہ شمولیت پر وزیر داخلہ محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔







