متحدہ عرب امارات

ایکسپو 2025 اوساکا: شیخ محمد کا یو اے ای پویلین کا دورہ، ماضی سے جڑے جذبے اور مستقبل سے وابستگی کو سراہا گیا

خلیج اردو
اوساکا: دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے جاپان میں ایکسپو 2025 اوساکا کے دوران متحدہ عرب امارات کے قومی پویلین کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پویلین کے ڈیزائن اور اس کے منفرد تصور کو سراہا۔

شیخ محمد نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ "مجھے ہمارے قومی پویلین کا ڈیزائن بہت پسند آیا، جو کھجور کے درخت سے متاثر ہے… یہ پرانے ‘عریش’ گھروں کے ایک نئے تصور پر مبنی ہے، جو کھجور کے پتوں اور تنوں سے بنائے جاتے تھے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارا پویلین ماضی کی اصل سے ہماری وابستگی اور مستقبل سے ہمارے جذبے کی نمائندگی کرتا ہے۔”

انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ اس پویلین کا ڈھانچہ روایت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، لیکن اس کا مواد یو اے ای کے خلائی منصوبوں، صحت سے متعلق اختراعات، اور پائیداری کے اقدامات کو اجاگر کرتا ہے۔

شیخ محمد نے پویلین کے ڈیزائن اور ترقی کی نگرانی پر شیخہ مریم بنت محمد بن زاید کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے یو اے ای کی کہانی دنیا کے سامنے بہترین انداز میں پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا: "آج میں نے ان گمنام ہیروز سے بھی ملاقات کی جو ایکسپو 2025 اوساکا میں روزانہ 15,000 سے زائد زائرین کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہماری کہانی دنیا تک پہنچاتے ہیں اور ہر دن ہمارے ملک کے لیے نئے دوست بناتے ہیں۔”

شیخ محمد نے اس موقع پر جاپان کے ساتھ 1972 سے جاری تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آج یو اے ای کی دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ شراکت داری عالمی تقاریب میں شرکت اور میزبانی کے ذریعے مزید مضبوط ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای کے نوجوان مرد و خواتین دنیا بھر میں سفر کر کے ہماری کہانی، شناخت، ثقافت اور مستقبل کے لیے ہمارے جذبے کو اجاگر کرتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button