متحدہ عرب امارات

دلما جزیرے کے لیے دو نئی فیریز کا افتتاح کردیا گیا، سفر کا دورانیہ 40 منٹ تک محدود

خلیج اردو
ابوظبی: دلما جزیرے کی سمندری آمدورفت کو بہتر بنانے کے لیے دو جدید فیریز ’’دلما‘‘ اور ’’الظنہ‘‘ متعارف کرا دی گئی ہیں، جو ایک وقت میں 193 مسافروں اور 25 گاڑیوں کی گنجائش رکھتی ہیں۔ ان فیریز کے ذریعے جبل الظنہ سے دلما جزیرہ کا سفر صرف 40 منٹ میں مکمل کیا جا سکے گا۔

یہ دونوں فیریز روزانہ دو چکر لگائیں گی اور مسافروں کے لیے جدید حفاظتی سہولیات اور آرام دہ نشستوں سے آراستہ ہیں۔ ان میں معذور افراد کی سہولت کے لیے دو داخلی لفٹس بھی نصب کی گئی ہیں۔

ان فیریز کا افتتاح الظفرہ ریجن میں حکمراں کے نمائندے شیخ حمدان بن زاید النہیان نے کیا، جو اس اقدام کو ابوظبی میری ٹائم اور انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر (ITC) کے درمیان باہمی تعاون سے سمندری رابطے کو مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

افتتاح کے موقع پر شیخ حمدان بن زاید نے دلما جزیرے کے پہلے سیاحتی ریزورٹ ’’دلما ٹورسٹ ریزورٹ‘‘ کا بھی دورہ کیا۔ یہ ریزورٹ روایتی اور جدید طرزِ تعمیر کا حسین امتزاج ہے، جس میں 20 کشادہ چیلیٹس، روایتی کیمپنگ سائٹس، تفریحی سہولیات، ریستوران، اور مختلف سمندری سرگرمیوں کے مقامات شامل ہیں۔

دلما جزیرے میں مزید کئی ترقیاتی منصوبے بھی زیر تعمیر ہیں، جن میں جزیرے کے مشرقی ساحل پر ایئرپورٹ رن وے کے قریب چٹانی تحفظاتی منصوبہ، ماؤنٹین بائیک ٹریل، نئی صنعتی زون، اور رہائشی زمینوں کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بحالی شامل ہے۔

شیخ حمدان نے ’’دلما میوزیم‘‘ کا بھی دورہ کیا، جو محمد بن جاسم المریکھی ہاؤس کی بحالی کے بعد دوبارہ کھولا گیا ہے۔ میوزیم میں 1990 کی دہائی میں دریافت ہونے والے گوہر، غوطہ خوری کے اوزار، مٹی کے برتن، اور وہیل کی ہڈیاں شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button