متحدہ عرب امارات

آئی سی جے کے فیصلے سے قبل متحدہ عرب امارات کا اعتماد، سوڈان کی درخواست کو بے بنیاد قرار دے دیا

خلیج اردو
ابوظہبی — سوڈان کی جانب سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں دائر مقدمے پر فیصلہ پانچ مئی کو سنایا جانا ہے، جس سے قبل اماراتی وزارتِ خارجہ نے اپنی پوزیشن پر مکمل اعتماد اور عالمی قانون سے وابستگی کا اظہار کیا ہے۔

وزارت خارجہ میں سیاسی امور کی نائب معاون وزیر، ریم کتیت نے خلیج ٹائمز کو جاری بیان میں کہا کہ یو اے ای کو یقین ہے کہ "حقائق اور قانون” اس کے مؤقف کو مکمل طور پر تقویت دیتے ہیں۔ ان کے مطابق:
"متحدہ عرب امارات ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ان قانونی کارروائیوں میں نیک نیتی سے شریک ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ عدالت میں ہمارا مؤقف مضبوط اور حقائق پر مبنی ہے۔”

سوڈان کی فوج (SAF) نے مقدمے میں الزام لگایا ہے کہ یو اے ای نے مبینہ طور پر نیم فوجی گروہ ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کو اسلحہ فراہم کر کے نسل کشی کے کنونشن کی خلاف ورزی کی، تاہم متحدہ عرب امارات نے ان الزامات کو "قانونی اور حقائق کے لحاظ سے بے بنیاد” قرار دے کر مسترد کر دیا۔

ریم کتیت نے دو حالیہ پیش رفتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ SAF کے الزامات کو مزید ناقابلِ اعتبار بناتی ہیں۔ ان میں اقوامِ متحدہ کے ماہرین کے تازہ ترین رپورٹ کا ذکر کیا گیا، جس میں متحدہ عرب امارات پر کسی قسم کا الزام نہیں لگایا گیا۔ رپورٹ میں صرف تین بار یو اے ای کا ذکر کیا گیا — ایک ملک کے طور پر جس کا دورہ کیا گیا، جنیوا مذاکرات میں مبصر کی حیثیت سے، اور ثالثی کی پیشکش کے طور پر، جو SAF نے مسترد کر دی۔

اس کے علاوہ، 30 اپریل کو یو اے ای نے ایک کارروائی کے دوران SAF سے منسلک ایک سوڈانی نیٹ ورک کو اسلحہ اور فوجی سازوسامان کی غیرقانونی منتقلی کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا، جس میں 5 ملین گولیاں بھی ضبط کی گئیں۔

کتیت کے مطابق، SAF اپنے الزامات کے لیے کوئی قابلِ اعتبار شواہد پیش نہیں کر سکا، اور یہ الزامات ان کے اپنے مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

تشدد کا خاتمہ اولین ترجیح
یو اے ای نے ایک بار پھر سوڈان میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ SAF اور RSF دونوں نے مذاکرات سے گریز کیا، انسانی امداد میں رکاوٹ ڈالی، اور شہریوں پر مظالم ڈھائے۔
"ہماری اولین ترجیح تشدد کا خاتمہ، سوڈانی عوام کی تکالیف میں کمی، اور ایک جامع و پائیدار امن کا قیام ہے، جو صرف سول قیادت کے ذریعے ممکن ہے۔”

یو اے ای نے سوڈان کے موجودہ بحران پر عالمی عدالت انصاف کو "سیاسی تھیٹر” کے لیے استعمال کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور خود کو امن کے لیے سرگرم قوت کے طور پر پیش کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button