متحدہ عرب امارات

دبئی ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کیلئے اہم نوٹ،دبئی ایئرپورٹ سے سفر؟ جلد ہی کہیں سے بھی اپنا سامان چیک ان کر سکیں گے

خلیج اردو
دبئی: مسافروں کے لیے ایک بڑی سہولت متعارف کراتے ہوئے دبئی ایئرپورٹ (DXB) اب کوشش کر رہا ہے کہ مسافر اپنا سامان ایئرپورٹ کے باہر سے ہی چیک ان کروا سکیں۔ حکام کے مطابق آئندہ کچھ عرصے میں کم از کم 25 فیصد سامان ایئرپورٹ سے باہر چیک ان کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

دناتا کے یو اے ای ایئرپورٹ آپریشنز میں ڈی وی پی ایئرلائن سروسز سیاران او سلیوان نے "دی ایئرپورٹ شو” میں بتایا کہ رواں سہ ماہی میں 2 کروڑ 40 لاکھ بیگ ہینڈل کیے گئے، اور یہ تعداد رواں سال 10 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ ان کے مطابق اگر ہر پانچ میں سے ایک بیگ ایئرپورٹ کے باہر چیک ان ہو تو مسافروں کو درپیش مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔

اس مقصد کے لیے دبئی ایئرپورٹ کی توجہ "Dubz” نامی کمپنی کے ساتھ شراکت داری بڑھانے پر ہے، جو مسافروں کو گھر یا ہوٹل سے ہی چیک ان اور بورڈنگ پاس جاری کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ Dubz کی بنیاد 2016 میں رکھی گئی تھی اور یہ کمپنی آن لائن بکنگ کے ذریعے سامان اکٹھا کرنے اور ڈیلیور کرنے کی خدمات فراہم کرتی ہے۔ بعد ازاں دناتا نے اسے حاصل کر لیا تھا۔

سیاران نے مزید کہا کہ آر ٹی اے، میٹرو سسٹم، ہوٹلز، اور دیگر اداروں سے مل کر جب یہ سسٹم بڑے پیمانے پر لاگو ہوگا تو اس کی لاگت میں بھی کمی آئے گی اور عوامی سطح پر اس کی افادیت میں اضافہ ہوگا۔

ڈی ایکس بی کے بیگیج سروس ڈلیوری کے نائب صدر جان ڈیٹ کے مطابق سامان کی درست ہینڈلنگ کسی بھی ایئرپورٹ کی پہچان ہوتی ہے، اور دبئی ایئرپورٹ اس پہلو پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ ان کے مطابق ایئرپورٹ روزانہ تقریباً 2.5 لاکھ بیگز ہینڈل کرتا ہے، جبکہ مصروف دنوں میں یہ تعداد 3 لاکھ تک پہنچ جاتی ہے۔

ایم آئی ٹی سے وابستہ مصنوعی ذہانت کی ماہر ڈاکٹر ہیبا کردی نے کہا کہ دنیا کے کئی ایئرپورٹس AI کے ذریعے سامان کی بروقت ترسیل ممکن بنا رہے ہیں، جہاں نیم ذہین سسٹمز اور ڈیجیٹل سیمولیشنز کی مدد سے عملے کو پہلے سے تربیت دی جا رہی ہے۔

شنائیڈر الیکٹرک خلیجی ممالک کے صدر امل چادلی نے دبئی ایئرپورٹ کے وژن کو "جدت پسندانہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ٹرمینل پر بھیڑ کم ہوگی، آپریشنل کارکردگی بڑھے گی، اور مسافروں کے سفر کو مزید آرام دہ بنایا جا سکے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button