متحدہ عرب امارات

نرسوں کی خدمات کا اعتراف، دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان نے نرسوں کے لیے گولڈن ویزا دینے کا اعلان کردیا

خلیج اردو
دبئی: دبئی کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی ہدایت پر دبئی ہیلتھ کے تحت کام کرنے والی 15 سال سے زائد خدمات انجام دینے والی نرسوں کو گولڈن ویزا دیا جائے گا۔

یہ اعلان پیر کے روز کیا گیا جس کا مقصد نرسنگ کے شعبے میں ان کی قیمتی خدمات کو سراہنا اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کرنا ہے۔ ولی عہد نے کہا کہ نرسنگ اسٹاف صحت کے نظام میں صف اول پر ہے اور ایک صحت مند معاشرے اور بہتر معیار زندگی کے خواب کو پورا کرنے میں کلیدی شراکت دار ہیں۔

شیخ حمدان نے نرسوں کی روزمرہ کی خدمات، مریضوں کی دیکھ بھال اور دوسروں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ دبئی ہمیشہ ایسی خدمات کو عزت دیتا ہے اور ان افراد کو اعزاز دیتا ہے جو اپنی خدمات میں غیر معمولی لگن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

یہ ہدایت ہر سال 12 مئی کو منائے جانے والے عالمی یوم نرسنگ کے موقع پر دی گئی ہے، جو یو اے ای قیادت کی صحت کے شعبے سے وابستہ عملے کی حوصلہ افزائی اور انہیں بااختیار بنانے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب متحدہ عرب امارات میں نرسوں کی خدمات کو سراہا گیا ہو۔ نومبر 2021 میں بھی فرنٹ لائن ورکرز اور ان کے خاندانوں کو گولڈن ویزا دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

حالیہ دنوں میں دبئی میں نمایاں پرائیویٹ اسکول اساتذہ کو بھی گولڈن ویزا دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جو کہ 5 اکتوبر 2024 کو عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر ولی عہد کی جانب سے کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button