
خلیج اردو
ابوظہبی: امریکی کمپنی آرچر ایوی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں اس کی فضائی ٹیکسی سروس کی لانچنگ رواں سال کے آخر تک اپنے شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ کمپنی کے مطابق اس سال گرمیوں میں پائلٹ کے ساتھ چلنے والی "مڈ نائٹ” ایئرکرافٹ متحدہ عرب امارات کو فراہم کی جائے گی۔
آرچر کے بانی اور سی ای او ایڈم گولڈسٹین نے کہا کہ ان کی ٹیم ایوی ایشن کے مستقبل کو نئی جہت دے رہی ہے اور متحدہ عرب امارات میں کمرشل آپریشنز کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ کمپنی نے ابوظہبی میں ملک کا پہلا ہائبرڈ ہیلی پورٹ ڈیزائن منظوری بھی حاصل کر لی ہے، جو ابو ظہبی کروز ٹرمینل پر واقع ہوگا۔
اس سلسلے میں آرچر نے متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) کے ساتھ مل کر ای وی ٹی او ایل (الیکٹرک ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ) طیاروں کے لیے تیز تر ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری میں بھی پیش رفت کی ہے۔ جی سی اے اے نے اپریل میں ابوظہبی کے زاید پورٹ پر واقع کروز ٹرمینل پر پہلے ہائبرڈ ہیلی پورٹ کے ڈیزائن کو باضابطہ منظوری دی تھی، جو ہر سال 6.5 لاکھ سے زائد سیاحوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔
گزشتہ سہ ماہی میں آرچر نے اپنا "لانچ ایڈیشن” پروگرام متعارف کرایا تھا، جس کے تحت ابوظہبی ایوی ایشن اور ایتھوپین ایئرلائنز کو اپنے پہلے صارفین کے طور پر شامل کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات جدید سفری ذرائع جیسے فلائنگ کارز، ریلوے اور زیر زمین ٹرین نیٹ ورکس پر بھرپور توجہ دے رہا ہے تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کو سنبھالا جا سکے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فضائی ٹیکسی کے ذریعے دبئی سے ابوظہبی کا سفر صرف 10 سے 20 منٹ میں مکمل کیا جا سکے گا، جس کی لاگت تقریباً 800 سے 1500 درہم کے درمیان ہوگی۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ پائلٹس کی ابتدائی تربیت بھی جاری ہے اور مڈنائٹ سمولیٹر ابوظہبی میں اتحاد ایوی ایشن ٹریننگ کو فراہم کر دیا گیا ہے۔
آرچر کے علاوہ، امریکی کمپنی جوبی بھی دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ساتھ ایئر ٹیکسی نیٹ ورک کے قیام کے لیے بات چیت کر رہی ہے، جس کے تحت گزشتہ سال نومبر میں دبئی میں پہلا ورٹی پورٹ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔







