
خلیج اردو
دبئی:دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اپنے جڑواں بچوں، راشد اور شیمہ، کی سالگرہ کے موقع پر ایک جذباتی اور دل موہ لینے والا پیغام انسٹاگرام پر شیئر کیا، جس میں ایک خواب ناک سفر دکھایا گیا۔
انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں سب سے پہلے شیخ حمدان کو اپنے بیٹے راشد کے ساتھ شطرنج کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ دونوں گہرے انہماک میں بیٹھے ہوتے ہیں، جو باپ بیٹے کے درمیان ایک خاموش مگر گہرا رشتہ ظاہر کرتا ہے۔
ویڈیو کا اگلا منظر شیخ حمدان کی بیٹی شیمہ کے ساتھ ہے، جہاں وہ اس کا ہاتھ تھامے ایک باغ میں چل رہے ہیں جو ایک پریوں کی کہانی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ پھولوں سے سجے ہوئے راستے پر سنہری دھوپ چھن چھن کر آ رہی ہے اور پس منظر میں برج خلیفہ کا دلکش نظارہ ہے۔
ایک اور منظر میں شیخ حمدان اور راشد نیلے رنگ کی ایک جیسی ہُوڈی پہنے ایک پہاڑی چٹان پر بیٹھے سمندر کی وسعتوں کو تک رہے ہیں۔ اسی دوران ایک دیوہیکل وہیل پانی سے باہر نکلتی ہے، اور یہ جادوئی منظر باپ اور بیٹے کے لیے ناقابل فراموش بن جاتا ہے۔
اگلا منظر نرمی اور محبت سے بھرپور ہے۔ شیخ حمدان گلابی ہُوڈی پہنے کھلونوں سے سجی راہ داری میں ایک ٹرالی دھکیل رہے ہیں، جس میں دو دل کی شکل کے تکیے رکھے ہیں — ایک نیلا اور ایک گلابی — جو ان کے بچوں راشد اور شیمہ کی علامت ہیں۔
ویڈیو کے اختتامی مناظر میں ایک گلابوں سے بھرا باغ دکھایا گیا ہے، جہاں دل کی شکل کا محراب سجا ہوا ہے۔ جڑواں بچے چھوٹے بیگ پہنے ایک ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے سورج کی روشنی میں جگمگاتے برج خلیفہ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
منظر کے اختتام پر شیخ حمدان کا پیغام نمودار ہوتا ہے، سادہ اور محبت سے لبریز:
“سالگرہ مبارک راشد اور شیمہ۔”
پوری ویڈیو میں بچوں کے چہروں کو دکھانے سے گریز کیا گیا ہے، جو اس بات کا مظہر ہے کہ شیخ حمدان اپنے بچوں کی نجی زندگی کا احترام کرتے ہوئے دنیا کے ساتھ ان کی خوشیاں بانٹتے ہیں۔
ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں شیخ حمدان نے دبئی کے معروف چاکلیٹ برانڈ "فکس” کے دو چاکلیٹ بارز دکھائے، جن پر راشد اور شیمہ کے نام تحریر تھے۔ یہ اشارہ ان کی اس برانڈ کے ساتھ گزشتہ ستمبر میں شروع ہونے والی خصوصی شراکت داری کی جانب بھی ہے، جو اب ایک جذباتی اور ذاتی پہلو اختیار کر چکی ہے۔







