
خلیج اردو
واشنگٹن — امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں واقع کیپیٹل یہودی میوزیم کے قریب فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں اسرائیلی سفارتخانے کے دو اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ بدھ کی شب نارتھ ویسٹ کے 3 اسٹریٹ اور ایف اسٹریٹ کے قریب پیش آیا، جو ایف بی آئی فیلڈ آفس اور امریکی اٹارنی کے دفتر کے قریب واقع ہے۔
امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنے پیغام میں تصدیق کی کہ "اسرائیلی سفارتخانے کے دو اہلکاروں کو آج رات واشنگٹن ڈی سی میں یہودی میوزیم کے قریب بلا جواز قتل کر دیا گیا۔”
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کہا کہ انہیں اور ان کی ٹیم کو فائرنگ کے واقعے پر بریفنگ دی گئی ہے اور فی الحال وہ میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر تحقیقات میں مصروف ہیں۔ انہوں نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا کی اپیل کی۔
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے اس واقعے کو "یہود مخالف دہشت گردی کا ایک پست ترین حملہ” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہودی کمیونٹی اور سفارتی عملے کو نشانہ بنانا ایک سرخ لکیر عبور کرنا ہے، ہمیں یقین ہے کہ امریکی حکام اس مجرمانہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔”
امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی اٹارنی جینین پیرو بھی جائے وقوعہ پر موجود تھیں۔ میٹروپولیٹن پولیس نے فوری طور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ جلد ہی ایک پریس کانفرنس کی جائے گی۔
عالمی سطح پر اسرائیل کی پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ
اس واقعے سے کچھ دیر پہلے ایک اور سنگین پیش رفت میں اسرائیلی فوجیوں نے غیر ملکی سفارتکاروں کے ایک وفد پر فائرنگ کی، جس میں برطانیہ، ترکی، اسپین، اٹلی، فرانس، جاپان، مصر اور اردن کے سفیروں سمیت 30 کے قریب سفارتکار شامل تھے۔ یہ وفد مغربی کنارے کے شہر جینین کے مہاجر کیمپ کا دورہ کر رہا تھا اور کیمپ کے دروازے پر جمع تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔
اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے ہسپتالوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس میں بجلی پیدا کرنے والے جنریٹرز کو تباہ کر کے ہسپتالوں کو غیر فعال بنایا جا رہا ہے۔
غزہ میں آج صبح سے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم از کم 42 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ چند امدادی ٹرک علاقے میں داخل ہوئے ہیں، مگر اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے کوئی امداد تقسیم نہیں ہو سکی۔







