
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں جون 2025 کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کا باضابطہ اعلان اس ماہ کے اختتام پر متوقع ہے۔
مئی 2025 کے دوران عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت زیادہ تر 60 ڈالر فی بیرل کے آس پاس رہی، جو گزشتہ مہینے کی نسبت کچھ کم ہے۔ منگل کے روز ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) اور برینٹ بالترتیب 61.44 اور 64.68 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہے تھے۔
مئی کے مہینے میں یو اے ای نے پیٹرول کی قیمتوں میں صرف ایک فلس فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ اس وقت ملک میں سپر 98 کی قیمت 2.58 درہم، اسپیشل 95 کی 2.47 درہم اور ای پلس 91 کی 2.39 درہم فی لیٹر مقرر ہے۔
یو اے ای میں جولائی 2015 سے ہر مہینے کے اختتام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق ریگولیٹ کی جاتی ہیں۔ جون کے لیے ممکنہ طور پر قیمتوں میں ہلکی کمی متوقع ہے، کیونکہ برینٹ خام تیل کی اوسط بند ہونے والی قیمت 63.6 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے، جو پچھلے مہینے کے 66.6 ڈالر کے مقابلے میں کم ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے کیونکہ اس ہفتے ہونے والے اوپیک پلس کے اجلاس میں تیل کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔
سینچری فنانشل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر وجے والے چا کے مطابق، ’’اس سال خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درآمدی محصولات کے باعث عالمی معیشت پر منفی اثرات اور مانگ میں کمی کا خدشہ ہے۔ سال کی شروعات میں خام تیل کی قیمت 74.93 ڈالر تھی، جو جنوری کے وسط میں 82.63 ڈالر تک پہنچی، لیکن اپریل 9 کو 58.40 ڈالر تک گر گئی۔ مئی کے آخر میں قیمت 65 ڈالر تک بحال ہوئی، مگر اب بھی سال کی ابتدائی سطح سے تقریباً 20 فیصد کم ہے۔‘






