
خلیج اردو
دبئی – دبئی حکومت نے جمعرات کو سرکاری ملازمین کے لیے عید الاضحیٰ 2025 کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔ اس سال سرکاری ملازمین کو 4 دن کی چھٹی دی جائے گی، جو 5 جون سے شروع ہو کر 8 جون تک جاری رہے گی۔ دفاتر پیر، 9 جون سے دوبارہ کھلیں گے۔
دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق وہ ملازمین جو شفٹ سسٹم کے تحت کام کرتے ہیں یا جن کی ذمہ داریاں عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق ہیں، انہیں اس اعلامیے سے استثنا حاصل ہوگا۔
متحدہ عرب امارات کی وفاقی حکومت نے بھی عید الاضحیٰ کے لیے نجی اور سرکاری شعبے دونوں کے لیے تعطیلات کی تصدیق کی ہے، جو 5 جون سے 8 جون تک ہوں گی۔
منگل کے روز رویت ہلال کمیٹی نے ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس منعقد کیا تھا۔ چاند منگل، 28 مئی کی شام کو دیکھ لیا گیا، جس کے بعد 28 مئی کو ذوالحجہ کی پہلی تاریخ قرار دیا گیا۔
اس کے مطابق یوم عرفہ 5 جون بروز جمعرات ہوگا، جب کہ عید الاضحیٰ کا پہلا دن جمعہ، 6 جون کو منایا جائے گا۔





