متحدہ عرب امارات

یو اے ای: 15 جون سے دوپہر کے اوقات میں دھوپ میں کام پر پابندی کا اعلان

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے موسمِ گرما کی شدت کے پیشِ نظر مزدوروں کو شدید دھوپ سے بچانے کے لیے 15 جون سے سہ پہر 12:30 بجے سے 3 بجے تک کھلی دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی تین ماہ تک، یعنی 15 ستمبر تک جاری رہے گی، اور یہ اقدام مسلسل 21ویں سال نافذ کیا جا رہا ہے۔

وزارتِ انسانی وسائل و امارات کاری اس پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنے معائنے کے نظام کے تحت نگرانی کرے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی کارکن ممنوعہ اوقات میں دھوپ میں کام نہ کرے۔

اس قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنی کو فی کارکن 5,000 درہم جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جو زیادہ سے زیادہ 50,000 درہم تک بڑھ سکتا ہے اگر کئی کارکن متاثر ہوں۔

اس پابندی کے تحت نجی و سرکاری اداروں کو گرمیوں میں ضروری سہولیات فراہم کرنا ہوں گی جن میں سایہ دار جگہیں، مناسب کولنگ سسٹم جیسے پنکھے، وافر مقدار میں پینے کا پانی، اور مقامی حکام کی منظور شدہ ہائیڈریشن سپلیمنٹس (الیکٹرولائٹس) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، کام کی جگہ پر ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کرنا بھی لازم ہوگا۔

تاہم، کچھ مخصوص حالات میں کام کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، وہ کام جنہیں تکنیکی وجوہات کی بنا پر بغیر رکے مکمل کرنا ضروری ہو — جیسے اسفالٹ بچھانا یا کنکریٹ ڈالنا — یا ایسے ہنگامی کام جن کا براہِ راست اثر عوامی سہولیات پر ہو، مثلاً پانی یا بجلی کی فراہمی میں خلل، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے یا بنیادی سروسز میں خرابی کا فوری ازالہ۔

متعلقہ سرکاری اجازت نامے کے تحت انجام دیے جانے والے کام بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہو سکتے ہیں۔

وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی خلاف ورزی یا نقصان دہ عمل کا مشاہدہ کریں تو فوری طور پر وزارت کے کال سینٹر 600590000، ویب سائٹ یا سمارٹ ایپلیکیشن کے ذریعے اطلاع دیں۔

مزید برآں، وزارت آگاہی مہمات اور فیلڈ وزٹس کے ذریعے کارکنوں اور آجرین کو اس اقدام سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کرے گی۔

پچھلے برسوں کے دوران اس اقدام کو بھرپور کامیابی ملی ہے، اور وزارت کے مطابق، اس دوران 99 فیصد سے زائد اداروں نے مکمل طور پر ضوابط کی پابندی کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button