
خلیج اردو
ریاض: وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں عید کی مبارکباد کے تبادلے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل المدتی برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر گفتگو کی گئی۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس اہم ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
گفتگو کا محور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینا اور علاقائی سلامتی و استحکام کو فروغ دینا تھا۔
سعودی ولی عہد نے نہ صرف وزیراعظم شہباز شریف کا ذاتی طور پر استقبال کیا بلکہ انہیں شاہی محل میں ان کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے کے لیے خود گاڑی چلا کر لے گئے، جو کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔
اس خصوصی ظہرانے میں مشرق وسطیٰ کے اہم رہنماؤں، سعودی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔
غیر رسمی اور خوشگوار ماحول میں دونوں رہنماؤں کے درمیان گرمجوش گفتگو بھی ہوئی۔
اس ملاقات کو وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی ولی عہد کی جانب سے اس قدر پرتپاک استقبال اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی اعتماد، بھائی چارے اور مشترکہ ترقی کی بنیاد پر استوار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جمعرات کے روز سعودی عرب پہنچے۔ ان کا یہ دو روزہ دورہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے، جو کہ حج کے ایام اور عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے اہم سفارتی سرگرمی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
گزشتہ شب وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفد کے دیگر ارکان نے عمرہ ادا کیا۔
اس موقع پر بیت اللہ شریف کے دروازے کو وفد کے لیے خصوصی طور پر کھولا گیا۔
انہوں نے نوافل ادا کیے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ پاکستان کو حالیہ دنوں میں معاشی اور عوامی فلاح و بہبود کے میدان میں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
وفد نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں، اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے التجا کی۔







