متحدہ عرب امارات

یو اے ای کے رہائشیوں کو یکم جولائی سے آرمینیا میں ویزا فری داخلے کی اجازت

خلیج اردو
ابوظہبی: آرمینیا کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی 2025 سے متحدہ عرب امارات کے تمام رہائشیوں کو ویزا کے بغیر ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ ان کے اقامے (ریذیڈنسی ویزا) کی میعاد آمد کی تاریخ سے کم از کم چھ ماہ باقی ہو۔ اس سے قبل صرف یو اے ای کے شہری آرمینیا کا ویزا فری سفر کر سکتے تھے، جب کہ دیگر رہائشیوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل تھی۔

نئی پالیسی کے تحت جی سی سی ممالک — بشمول سعودی عرب، بحرین، کویت، عمان، اور قطر — کے تمام اقامہ یافتہ افراد کو بھی آرمینیا میں 180 دن کے دوران زیادہ سے زیادہ 90 دن تک بغیر ویزا کے قیام کی اجازت ہوگی۔ آرمینیا کی وزارت معیشت کی سیاحت کمیٹی نے اس اقدام کو "جی سی سی ممالک میں رہنے والی بڑی تارکین وطن کمیونٹی کے لیے سہولت” قرار دیا ہے۔

یہ اقدام آرمینیا کی وسیع تر پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت ایسے تمام افراد کو ویزا فری داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے جن کے پاس جی سی سی، یورپی یونین، شینجن ممالک یا امریکہ کا چھ ماہ یا اس سے زیادہ مدت کا اقامہ ہو۔

اس پالیسی کا مقصد آرمینیا اور جی سی سی ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینا، کاروباری مواقع بڑھانا اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ وزارت کے مطابق، یو اے ای سے آرمینیا کا سفر صرف تین گھنٹے میں مکمل ہوتا ہے، اور فلائی دبئی، ایئرعربیہ اور وز ایئر جیسی ایئرلائنز کی براہ راست پروازیں دستیاب ہیں۔

آرمینیا کی سیاحت کمیٹی کی چیئرپرسن لوسین گورگیان نے کہا: "یہ ایک سنگ میل ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ ہم علاقائی سیاحوں کے لیے آرمینیا کو زیادہ قابل رسائی بنانا چاہتے ہیں۔ ہم جی سی سی سے مزید مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں جو ہماری قدیم خانقاہوں، بھرپور کھانوں اور ثقافتی میلوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔”

واضح رہے کہ آرمینیا نے یو اے ای کے شہریوں کے لیے 2017، قطر کے لیے 2019، اور کویت کے شہریوں کے لیے 2022 میں ویزا فری انٹری متعارف کروائی تھی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button