
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں حج 2025 کے کامیاب انعقاد کے بعد حکام نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ حج سیزن 2026 (1447 ہجری) کے لیے رجسٹریشن ستمبر 2025 میں شروع ہوگی۔ اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو ترجیح دی جائے گی، خاص طور پر ان افراد کو جنہوں نے پہلے حج ادا نہیں کیا۔
رجسٹریشن جنرل اتھارٹی آف اسلامک افیئرز، اوقاف و زکوة (اوقاف) کے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کی جائے گی، جب کہ مکمل شرائط اور طریقہ کار کا اعلان پیشگی کر دیا جائے گا۔
اوقاف اتھارٹی نے خواہش مند افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ رجسٹریشن کے لیے آگے آئیں اور اتھارٹی کے الیکٹرانک رجسٹریشن سسٹم کی مقرر کردہ تمام شرائط پر پورا اُترنے کی کوشش کریں۔ اس سسٹم میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے تاکہ حاجیوں کے انتخاب کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ اقدام حکومتِ امارات کے وژن اور حکمتِ عملی کے مطابق ہے جس کا مقصد شہریوں کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنا اور عوامی توقعات پر پورا اُترنا ہے۔
اوقاف اتھارٹی نے اس سال حج سے بحفاظت وطن لوٹنے والے اماراتی عازمین کو مبارکباد پیش کی اور اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے صدرِ مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان اور اماراتی قیادت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔





