
خلیج اردو
دبئی، 21 جون 2025ء
دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹس اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 22 جون سے عربین رینچز جنکشن پر القُدرا روڈ پر عبوری ٹریفک ڈائیورژن نافذ کیا جائے گا۔ یہ انتظام پانچ ماہ کے دوران انٹر سیکشنز کی بہتری کے تحت پل بنانے کے کام کے لیے ہے۔
ڈائیورژن کے تحت القُدرا روڈ اور عربین رینچز سے دبئی اسٹوڈیو سٹی جانے والی سڑک کے چوراہے سے ٹریفک سگنل ہٹا دیا جائے گا۔ ٹریفک کو چوراہے کے باہر سے گزارا جائے گا جس سے شیخ محمد بن زائد روڈ اور شیخ زائد بن حمدان النہیان سٹریٹ کے درمیان دونوں راستوں میں آزادانہ آمد و رفت ممکن ہو گی۔
اس کے علاوہ ڈائیورژن کے راستے میں دو سگنل فری یو ٹرنز بھی شامل کیے جائیں گے تاکہ ڈرائیورز کو مزید سہولت میسر ہو۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹس اتھارٹی نے ڈرائیورز سے گزارش کی ہے کہ وہ سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کر لیں، صبح سویرے روانہ ہوں اور رش کے اوقات سے گریز کریں۔
یہ عبوری انتظامات ٹریفک کے بہاؤ کو ہموار کرنے اور ڈرائیورز کے لیے سہولت فراہم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔







