متحدہ عرب امارات

ال مکتوم ایئرپورٹ فعال ہوتے ہی ایمریٹس کی مکمل منتقلی 3 دن میں مکمل ہو گی، عدیل الردہ

خلیج اردو
دبئی: ایمریٹس ایئرلائن کے ڈپٹی صدر اور چیف آپریٹنگ آفیسر عدیل الردہ نے کہا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ال مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں آپریشنز کی منتقلی ایک سے تین دن کے اندر مکمل ہو جائے گی، جب نیا ایئرپورٹ مکمل طور پر فعال ہو گا۔

انہوں نے پیر کے روز "فورساٹیک 2025” کے دوران ایک فائر سائیڈ چیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ال مکتوم ایئرپورٹ کا نظام مکمل طور پر DXB سے الگ اور خودمختار ہو گا، اس لیے جب وہاں تمام سہولیات فعال ہوں گی تو منتقلی کا عمل مختصر اور مؤثر ہوگا۔ ممکن ہے یہ ایک رات میں مکمل ہو جائے، یا زیادہ سے زیادہ تین دن درکار ہوں۔”

واضح رہے کہ اپریل 2024 میں دبئی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ 128 ارب درہم کی لاگت سے بننے والے ال مکتوم ایئرپورٹ کی تکمیل کے بعد DXB سے تمام فلائٹ آپریشنز وہاں منتقل کر دیے جائیں گے، جو سالانہ 260 ملین مسافروں کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔

عدیل الردہ نے نئے ایئرپورٹ پر امیگریشن اور چیکنگ کے عمل کو بھی انقلابی قرار دیا، جس میں مسافر بائیومیٹرک ٹیکنالوجی کے ذریعے بغیر کسی رکاوٹ یا پاسپورٹ کے پیش کیے بغیر ایئرپورٹ سے گزر سکیں گے۔

انہوں نے کہا، "امیگریشن کے دوران آپ ایک رنگ نما ڈھانچے سے گزریں گے جو انفرا اسٹرکچر کا حصہ ہوگا، اور آپ کو اندازہ بھی نہیں ہوگا کہ آپ چیکنگ کے عمل سے گزر رہے ہیں۔”

ایمریٹس کے سینئر عہدیدار نے مزید بتایا کہ ایئرپورٹ پر خودکار گاڑیاں اور ٹرک استعمال کیے جائیں گے تاکہ انسانی ڈرائیورز پر انحصار کم ہو۔ ان کے مطابق، "ٹیکنالوجی موجود ہے، ارادہ بھی موجود ہے، اب صرف ایسے شراکت داروں کی تلاش ہے جو ہمارے ساتھ اس نظام پر کام کر سکیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button