متحدہ عرب امارات

دبئی فاؤنٹین کی بحالی کیلئے دن رات کام، اکتوبر تک مکمل بحالی کا ہدف

خلیج اردو
دبئی، 3 جولائی 2025
دنیا کا سب سے بڑا فوارہ — دبئی فاؤنٹین — ان دنوں مکمل طور پر بند ہے، تاہم پس پردہ سینکڑوں ماہرین کی ٹیم دن رات اس کی بحالی اور جدید کاری میں مصروف ہے تاکہ یہ شاندار سیاحتی مقام اکتوبر 2025 تک دوبارہ اپنی سابقہ رعنائیوں کے ساتھ بحال کیا جا سکے۔

ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر نے دبئی فاؤنٹین کے پسِ پردہ مناظر کی نایاب جھلک دکھاتے ہوئے بتایا کہ کس طرح تکنیکی ٹیم زیرِ آب جدید روبوٹس، فلٹرنگ سسٹم اور پروگرامنگ کے ذریعے اس عظیم منصوبے کو سنبھال رہی ہے۔

چمکتا پانی، مضبوط فرش

دبئی فاؤنٹین کے شفاف اور چمکتے پانی کے پیچھے ایک اہم راز اس کا زیرِ آب فرش ہے، جو تقریباً 18 فٹبال گراؤنڈز کے برابر ہے۔ فرش کو پرائم اور واٹر پروفنگ کی متعدد تہوں سے مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ ماضی میں آنے والے شگاف دوبارہ نہ آئیں اور دیکھ بھال آسان ہو۔

پانی کی صفائی کا نظام

فاؤنٹین کے پانی کو صاف رکھنے کے لیے نہ صرف روبوٹس استعمال کیے جا رہے ہیں بلکہ ایک تجربہ کار ٹیم مسلسل مختلف مقامات سے پانی کے نمونے لے کر ان کا تجزیہ بھی کر رہی ہے۔ 1.3 میٹر گہرے پانی کو صاف رکھنے کے لیے جدید آبی روبوٹس مسلسل فرش اور سطح کی صفائی میں مصروف ہیں۔

’ایک شو کیلئے ہفتوں کی تیاری‘

دنیا کے اس سب سے بڑے ڈانسنگ فاؤنٹین کا ہر شو کئی ہفتوں کی تیاری کا نتیجہ ہوتا ہے۔ انجینئرز اور پروگرامرز مخصوص روبوٹس کے ذریعے پانی، روشنی اور موسیقی کی ہم آہنگی ترتیب دیتے ہیں تاکہ ہر پرفارمنس ناظرین کے لیے ایک ناقابل فراموش تجربہ بن جائے۔

اکتوبر کی ڈیڈلائن

دبئی مال کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ فاؤنٹین کو مکمل طور پر بحال کرنے کی ڈیڈلائن اکتوبر 2025 ہے۔ وسطی دبئی میں واقع یہ فاؤنٹین برج خلیفہ اور دبئی مال کے عین سامنے لاکھوں سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے، اور اس کی شاندار واپسی کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button