
خلیج اردو
دبئی: دبئی پولیس نے الراس کے علاقے میں چار تجارتی کمپنیوں کے دفاتر پر ڈاکا ڈالنے والے پانچ ایتھوپین باشندوں پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان نے دفتروں میں زبردستی داخل ہو کر سیف توڑ کر تقریباً 30,000 درہم نقدی چوری کی۔
پولیس کے مطابق، جب کمپنی مالکان صبح اپنے دفاتر پہنچے تو دیکھا کہ کمرے بکھرے پڑے ہیں، سیف ٹوٹے ہوئے ہیں اور رقم غائب ہے۔ فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
جائے واردات پر پٹرولنگ افسران، کرائم سین ماہرین اور فرانزک ٹیم نے پہنچ کر تفتیش شروع کی۔ دفاتر میں فائلیں اور کاغذات ادھر ادھر بکھرے ہوئے تھے، جبکہ CCTV فوٹیج میں ملزمان کو ٹويوٹا کرولا میں فرار ہوتے دیکھا گیا۔
پولیس نے گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے ڈرائیور کو گرفتار کیا، جس نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کا پتہ بھی بتایا۔ باقی چار ملزمان کو ابوظہبی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ابوظہبی سے گرفتار کیا گیا۔
تفتیش کے دوران تمام ملزمان نے چوری کا اعتراف کیا۔ پولیس نے 18,000 درہم کی رقم برآمد کر لی ہے، جبکہ باقی رقم کے بارے میں ملزمان نے بتایا کہ وہ اپنے ملک منتقل کر دی گئی ہے۔
تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ملزمان پر باقاعدہ مقدمہ چلایا جائے گا۔





