
خلیج اردو
ابوظہبی، 5 جولائی – خلیج ٹائمز کی ایک چشم کشا تحقیقاتی رپورٹ کے بعد بھارت کے شہروں نوئیڈا اور جے پور میں چلنے والے کئی فراڈ کال سینٹرز اچانک بند کر دیے گئے، جو یو اے ای کے رہائشیوں کو ہدف بنا کر مالی دھوکہ دہی میں ملوث تھے۔
ان فراڈی نیٹ ورکس نے خود کو دبئی کے فاریکس بروکرز ظاہر کیا اور +971 سے شروع ہونے والے جعلی نمبرز کے ذریعے کال کر کے شہریوں کو سرمایہ کاری کے جال میں پھنسایا۔
رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد ایک کال سینٹر کے ملازم نے بتایا:
"رپورٹ وائرل ہوتے ہی پورے ادارے میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔ منیجرز سخت پریشان تھے کہ آپریشن کیسے لیک ہو گیا۔ ہمیں فوراً گھروں کو بھیج دیا گیا اور کہا گیا کہ جب تک حالات معمول پر نہ آئیں، واپس نہ آئیں۔”
دبئی میں بھی اسی نوعیت کی کارروائی بند
خلیج ٹائمز کی ایک پچھلی رپورٹ کے بعد دبئی کے آئی ایم پی زیڈ (IMPZ) علاقے میں قائم ایک مشکوک کال سینٹر کو بھی راتوں رات بند کر دیا گیا تھا۔ تمام ملازمین کو بغیر کسی نوٹس کے فارغ کر دیا گیا۔
تین مراکز، ایک نیٹ ورک
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، یہ تین کال سینٹرز – دو نوئیڈا میں اور ایک جے پور میں – لیک شدہ یو اے ای فون لسٹ اور خاص سیلز اسکرپٹس استعمال کرتے تھے تاکہ خود کو دبئی کے رجسٹرڈ بروکر ظاہر کر سکیں۔
مگر اصل انکشاف اس وقت ہوا جب ڈیجیٹل شواہد سے ان کی اصل حقیقت بے نقاب ہوئی۔
خلیج ٹائمز کی تحقیق نے فراڈ ویب سائٹس جیسے F1Capitals، Algo Global International، Arbitrage Prime اور Oscar Markets کو ایک ہی سینٹ لوشیا کے پتے سے منسلک پایا۔ ان تمام ویب سائٹس کے ڈومین ایک ہی پراکسی ای میل اور بیک اینڈ سسٹم کے تحت رجسٹرڈ تھے، جو ایک منظم نیٹ ورک کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
متاثرین کی بڑی تعداد، لاکھوں درہم کا نقصان
رپورٹ کے بعد خلیج ٹائمز کو درجنوں متاثرہ افراد کے پیغامات موصول ہوئے، جن میں سے کئی نے پانچ لاکھ درہم تک کا نقصان بتایا۔ دیگر نے بتایا کہ وہ رپورٹ پڑھنے کے بعد دھوکہ دہی سے بال بال بچے۔
وزارت داخلہ کی وارننگ
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے عوام کو خبردار کیا تھا کہ کسی بھی سرمایہ کاری سے قبل اس بات کی تصدیق کر لیں کہ متعلقہ پلیٹ فارم سیکیورٹیز اینڈ کموڈٹیز اتھارٹی (SCA) کے ساتھ رجسٹرڈ ہے۔







