
خلیج اردو
ابوظہبی: کیو موبیلیٹی نے اعلان کیا ہے کہ 10 جولائی سے ابوظہبی کے مختلف علاقوں میں نئے ماوقف (ادا شدہ پارکنگ) زونز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر انداز میں منظم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
نئے پارکنگ زونز ایسٹرن مینگرووز، ڈولفن پارک اور الخلیج العربی اسٹریٹ کے تین سیکٹرز — الخلیج العربی پارک 1، 2، 4 اور 5 — کے ساتھ ساتھ القرم پلازہ میں قائم کیے گئے ہیں۔ ان تمام علاقوں میں اب سے ماوقف سسٹم نافذ العمل ہوگا۔
کیو موبیلیٹی نے وضاحت کی ہے کہ یہ توسیع ابوظہبی کے اندر گاڑیوں کی نقل و حرکت کو منظم کرنے، پارکنگ کے عوامی استعمال کو بہتر بنانے، اور مجموعی ٹریفک کی کارکردگی کو بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
انفراسٹرکچر کی تیاری مکمل
ماوقف سسٹم کے نفاذ سے قبل ان مقامات پر انفراسٹرکچر کے کام مکمل کیے گئے، جن میں فٹ پاتھوں پر رنگ و نشانات، رہنمائی کے بورڈز اور آگاہی سائن بورڈز کی تنصیب شامل ہے۔
کمپنی نے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ سائن بورڈز پر درج ہدایات پر عمل کریں اور "درب ایپ” سمیت دیگر ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے ادائیگی کے طریقہ کار سے فائدہ اٹھائیں۔







