
خلیج اردو
دبئی، 16 جولائی 2025
دبئی میں گاڑی رکھنے والے طلبا اور اسکول کے عملے کے لیے خوشخبری ہے، کیوں کہ پارکن کمپنی PJSC نے بدھ کے روز طلبا، اساتذہ اور ملٹی اسٹوری پارکنگ کے صارفین کے لیے خصوصی پارکنگ سبسکرپشن کا اعلان کر دیا ہے۔
پارکن کے مطابق، طلبا ماہانہ صرف 100 درہم سے موسمی پارکنگ پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں، جو انہیں کیمپس کے 500 میٹر کے دائرے میں موجود زون A، B، C اور D کی روڈ سائیڈ اور پلاٹ پارکنگ تک رسائی فراہم کرے گا۔
اسی طرح نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور عملہ بھی 100 درہم ماہانہ کی قیمت پر یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں، جو ان کے کیمپس کے قریب سستی اور سہل پارکنگ ممکن بنائے گی۔
پارکن نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید بتایا کہ ملٹی اسٹوری پارکنگ کے لیے بھی اب سبسکرپشن متعارف کرا دی گئی ہے، جس کا آغاز 735 درہم ماہانہ سے ہوگا۔ اس سے شہری اپنے گھر، دفتر یا دیگر پسندیدہ مقامات کے قریب سہولت سے پارکنگ حاصل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ اپریل 2025 سے دبئی میں متغیر پارکنگ فیسوں کا نظام نافذ کیا گیا، جس کے بعد مصروف اوقات میں پارکنگ چارجز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مثال کے طور پر، البرشاء کی رہائشی جگہ (زون کوڈ 373CP) میں ایک گھنٹے کی پارکنگ اب مصروف اوقات میں 6 درہم ہو چکی ہے، جو اس سے پہلے صرف 2 درہم تھی۔
اسی طرح:
-
2 گھنٹے: 12 درہم (پہلے 5 درہم)
-
3 گھنٹے: 18 درہم (پہلے 8 درہم)
-
4 گھنٹے: 24 درہم (پہلے 11 درہم)
مصروف اوقات صبح 8 سے 10 بجے اور شام 4 سے 8 بجے (یعنی یومیہ 6 گھنٹے) تک شمار کیے جاتے ہیں، تاہم اتوار اور عوامی تعطیلات پر یہ اطلاق نہیں ہوتا۔
پارکن نے 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 273.3 ملین درہم کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی، جو پچھلے سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے۔ یہ آمدنی متغیر پارکنگ فیس کے نفاذ سے پہلے کی ہے۔
پارکن نے حال ہی میں دبئی میونسپلٹی کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا ہے، جس کے تحت دبئی کے کچھ عوامی پارکوں میں پارکنگ سہولیات کی دیکھ بھال اور آپریٹنگ حقوق پارکن کو دے دیے گئے ہیں۔







