
خلیج اردو
شارجہ: رولہ پارک کے قریب واقع ایک اپارٹمنٹ میں 30 سالہ بھارتی خاتون اتھولیا شیکھر مردہ حالت میں پائی گئیں۔ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح پیش آیا، جب وہ چند دن بعد اپنی نئی ملازمت شروع کرنے والی تھیں۔
اتھولیا شیکھر کی شناخت سوشل ورکرز نے ظاہر کی، جو گزشتہ دو سال سے شارجہ میں مقیم تھیں۔ وہ قریبی مال میں واقع ایک کمپنی میں ملازمت شروع کرنے والی تھیں۔ خلیج ٹائمز کی جانب سے شارجہ پولیس سے رابطہ کیا گیا ہے، تاہم رپورٹ کے وقت تک کوئی سرکاری تبصرہ موصول نہیں ہوا۔
بھارتی قونصل خانے نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ہم اتھولیا شیکھر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں،‘‘۔ قونصل خانے کے ترجمان کے مطابق، ٹیم متاثرہ خاندان اور شارجہ حکام سے رابطے میں ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
سماجی کارکن عبداللہ کمنپالام کے مطابق، اتھولیا نے جمعہ کو اپنی سالگرہ اپنی بہن کے ساتھ منائی، جہاں انہوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ملازمت کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کے بقول، ’’اتھولیا کافی پرجوش تھیں، انہوں نے کیک کاٹا اور اپنی بہن سے اپنی نئی نوکری کے متعلق باتیں کیں۔‘‘
کمنپالام نے مزید بتایا کہ اتھولیا کی شادی 2014 میں ہوئی تھی، لیکن ان کے تعلقات خوشگوار نہیں تھے۔ واقعے سے قبل انہوں نے اپنے شوہر سے کام پر جانے کے لیے کرایے کی رقم مانگی تھی، اور جب شوہر نے پیسے دینے سے انکار کیا تو انہوں نے سونے کے زیورات دے کر کچھ نقدی حاصل کی۔
شوہر کے مطابق، وہ کچھ وقت کے لیے گھر سے باہر گیا تھا اور واپس آکر دیکھا تو دروازہ کھلا تھا اور اتھولیا مردہ حالت میں پائی گئیں۔
اتھولیا اپنے شوہر اور دس سالہ بیٹی کی واحد کفیل تھیں۔ ان کی بیٹی بھارت میں جماعت پنجم کی طالبہ ہے، جبکہ ان کے والد، جو ماضی میں خلیجی ممالک میں مقیم تھے، اب کیرالہ میں رکشہ چلاتے ہیں۔







