متحدہ عرب امارات

ایکسچینج ہاؤس پر 8 لاکھ درہم جرمانہ، منی لانڈرنگ قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی پر ایک منی ایکسچینج ہاؤس پر 8 لاکھ درہم کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ یہ کارروائی بینک کی جانب سے کی جانے والی جانچ پڑتال کے بعد عمل میں آئی۔

تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ متعلقہ ادارہ نہ صرف قانونی تقاضوں پر پورا اترنے میں ناکام رہا بلکہ انسدادِ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت (AML/CFT) سے متعلق پالیسیاں اور ضابطے بھی مناسب انداز میں لاگو نہیں کیے گئے۔ اس خلاف ورزی پر اماراتی مرکزی بینک نے صدارتی فرمان نمبر 14 برائے 2018 کی شق 137 کے تحت جرمانہ عائد کیا۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں مالیاتی اداروں پر مکمل نگرانی کے ساتھ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تمام ادارے، مالکان اور عملہ قوانین اور ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔ بینک کے مطابق شفافیت، دیانتداری اور احتساب کے اصولوں کو فروغ دینا مرکزی ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں بھی تین منی ایکسچینج اداروں پر مجموعی طور پر 41 لاکھ درہم جرمانہ عائد کیا گیا تھا، جبکہ 24 جون کو ایک اور ادارے پر دو ملین درہم کا جرمانہ لگایا گیا تھا۔

یہ سلسلہ اس امر کا مظہر ہے کہ اماراتی مالیاتی نظام کو غیر قانونی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مرکزی بینک بلا تفریق اور سخت نگرانی کے عمل پر کاربند ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button