
خلیج اردو
دبئی کے بھارتی نژاد شہری سبیش پیروتھ نے دبئی ڈیوٹی فری لاٹری میں ایک ملین امریکی ڈالر جیت لیے ہیں۔ انہوں نے اس بڑی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کے لیے ’کیوٹ لیبُوبُو‘ کھلونا خریدیں گے اور اہل خانہ کو دنیا بھر کے سفر پر لے جائیں گے۔
42 سالہ سبیش، جو دبئی میں پیدا ہوئے اور یہیں پلے بڑھے، ایک لاجسٹکس کمپنی میں سینئر آپریشنز سپروائزر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ گزشتہ چھ سال سے اپنے ساتھیوں کے ساتھ لاٹری کے ٹکٹ خرید رہے تھے۔ انہوں نے بتایا، ’’شروع میں ہم بیس لوگ تھے، لیکن پچھلے دو برسوں سے ہم دس افراد نے یہ سلسلہ جاری رکھا۔ اس بار قسمت نے ساتھ دے دیا۔‘‘
خوش نصیب ٹکٹ نمبر 4296 سبیش نے چار جولائی کو آن لائن خریدا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب جیت کی اطلاع ملی تو انہیں یقین ہی نہ آیا۔ ’’مجھے لگا یہ کوئی مذاق یا اشتہاری کال ہے۔ جب انہوں نے میرے کوائف مانگے اور بتایا کہ میں جیت گیا ہوں تو میرے ہاتھ کانپنے لگے، سانس لینا مشکل ہو گیا۔‘‘
سبیش نے بتایا کہ وہ اپنی جیتی ہوئی رقم اپنے باقی ساتھیوں کے ساتھ برابر تقسیم کریں گے، یعنی ہر ایک کو تقریباً 370,000 درہم ملیں گے۔ ان کے مطابق، ’’ہم سب یہاں آباد ہیں، نوکری جاری رکھیں گے، لیکن یہ رقم ہمیں چھوٹا کاروبار شروع کرنے میں مدد دے گی۔‘‘
ان کی اہلیہ، جو شارجہ میں کام کرتی ہیں، اور ان کی کم سن بیٹی بھی اس کامیابی پر بہت پرجوش ہیں۔ سبیش نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’میری بیٹی اب صرف اپنے کھلونوں کی بات کر رہی ہے، خاص طور پر لیبُوبُو کی۔ وہ بار بار یاد دہانی کرا رہی ہے۔‘‘
سبیش نے کہا کہ برسوں کی امید اور انتظار کے بعد آخرکار خواب پورا ہو گیا۔ ’’ہمیں اس جیت کی توقع نہیں تھی، لیکن دل کے کسی کونے میں یقین تھا کہ ایک دن یہ ہو گا۔‘‘
پہلا روسی فاتح بھی شامل
سبیش کے ساتھ ہی ایک اور خوش نصیب، 57 سالہ روسی باشندے ماعین صالح نے بھی ایک ملین ڈالر کی انعامی رقم جیتی ہے۔ وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مقیم ہیں اور سیریز 509 میں ٹکٹ نمبر 1184 کے ذریعے جیتنے والے پہلے روسی شہری بنے۔ ماعین نے کہا، ’’یہ جیت میرے گاؤں سوزڈل میں گھر بنانے اور میرے بیٹے کی مالٹا میں تعلیم کے اخراجات پورے کرنے میں مدد دے گی۔‘‘
دبئی ڈیوٹی فری قرعہ اندازی میں چار دیگر افراد نے بھی قیمتی گاڑیاں جیتیں۔ چیک ریپبلک کی ایلس سیمیانووا نے مرسیڈیز بینز S500، دبئی ایئرپورٹ کے بھارتی پورٹر سری دھر انکم بھکشاپتی نے بینٹلے بینٹائگا V8، بھارتی شہری روبی دیواسی نے ڈوکاٹی ملٹی اسٹرادا موٹر سائیکل، اور راس الخیمہ میں مقیم برطانوی شہری رابرٹ میگلز نے BMW S 1000 R جیتی۔







