
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے بینکس 25 جولائی 2025 سے ڈیجیٹل لین دین کے لیے ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھیجے جانے والے ون ٹائم پاس ورڈز (او ٹی پیز) کا استعمال مرحلہ وار ختم کر دیں گے۔ امارات الیوم کی رپورٹ کے مطابق اس کے بجائے بینک صارفین کو موبائل بینکنگ ایپس کے ذریعے تصدیق (ایپ ویری فکیشن) کا طریقہ اپنانا ہوگا۔
یہ تبدیلی تمام مقامی و بین الاقوامی مالیاتی منتقلیوں اور آن لائن ٹرانزیکشنز پر لاگو ہوگی۔ بینکس موبائل ایپس میں موجود تصدیقی فیچرز کے ذریعے لین دین کی منظوری حاصل کریں گے، جس کے بعد صارفین کو او ٹی پیز کی جگہ ایپ پر موجود نوٹیفکیشنز کے ذریعے تصدیق کرنا ہوگی۔
امارات الیوم کی رپورٹ میں ایک سرکاری اعلامیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی ہدایات کے تحت کیا جا رہا ہے اور اس پر مرحلہ وار عملدرآمد ہوگا۔ صارفین کو آئندہ لین دین کی منظوری کے لیے ایپ ویری فکیشن کا فیچر فعال کرنا ہوگا۔
یہ اقدام سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور ایس ایم ایس یا ای میل پر مبنی او ٹی پیز سے منسلک فراڈ کے خطرات کم کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔






