
خلیج اردو
شارجہ: بھارتی ایسوسی ایشن شارجہ (IAS) نے خلیجی ممالک میں مقیم بھارتی تارکین وطن کو درپیش خاندانی جھگڑوں اور گھریلو تشدد جیسے مسائل کے حل کے لیے اگست کے پہلے ہفتے سے ہفتہ وار خفیہ کونسلنگ سیشنز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سیشنز ہر ہفتہ کو ایسوسی ایشن کے دفتر میں منعقد ہوں گے جہاں متاثرہ افراد کو انفرادی اور مکمل رازداری کے ساتھ مشاورت فراہم کی جائے گی۔
بھارتی ایسوسی ایشن شارجہ کے صدر نزار تھلانگرا نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شارجہ میں دو بھارتی خواتین کی حالیہ اموات کے بعد اٹھایا گیا ہے تاکہ خاندانی تنازعات اور گھریلو تشدد جیسے مسائل میں بروقت مداخلت ممکن ہو سکے۔ تھلانگرا نے کہا کہ "یہ پلیٹ فارم لوگوں کو سننے اور ان کی مدد کے لیے ہے۔”
ایسوسی ایشن کے دو تعلیمی اداروں کے ماہرین نفسیات کو کونسلنگ پینل میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سابق عہدیداران بھی معاونت فراہم کریں گے۔ تھلانگرا کے مطابق ابتدائی طور پر 25 سے زائد ماہرین نفسیات کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
کونسلنگ کے لیے متاثرہ افراد کسی بھی IAS رکن یا استقبالیہ سے رابطہ کر کے خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں جس کے بعد انہیں سیشن کے وقت سے آگاہ کیا جائے گا۔ ہر کیس کو مکمل رازداری کے ساتھ علیحدہ سے سنا جائے گا اور قانونی یا قونصلر معاونت درکار ہونے پر بھارتی قونصلیٹ کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔
بھارتی ایسوسی ایشن شارجہ نے شارجہ پولیس کے کمیونٹی پریوینٹو اینڈ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد کیا ہے جس میں پولیس حکام نے اس اقدام کی مکمل حمایت اور قانونی رہنمائی کی پیشکش کی ہے۔ تھلانگرا نے کہا کہ ان سیشنز کے ذریعے افراد کو بروقت معاونت فراہم کر کے تنازعات کو شدت اختیار کرنے سے پہلے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔






