
خلیج اردو
دبئی: شیخ محمد بن زاید روڈ (ای 311) پر ایک گاڑی کا کروز کنٹرول سسٹم تیز رفتاری کے دوران جام ہو جانے کے باعث دبئی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ حادثہ ٹال دیا اور ڈرائیور کو بحفاظت بچا لیا۔ گاڑی ابو ظہبی کی جانب جا رہی تھی جب ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار کم کرنے یا بریک لگانے میں ناکامی کی اطلاع دی۔
دبئی پولیس کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویئدان کے مطابق، پولیس آپریشن روم کو اطلاع ملی کہ ڈرائیور کروز کنٹرول میں خرابی کے باعث گاڑی پر کنٹرول نہیں رکھ پا رہا۔ پولیس کی ٹیم نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر اردگرد کی ٹریفک کو ہٹا کر ایک حفاظتی راہداری بنائی اور ڈرائیور کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے گاڑی کو بحفاظت روکا۔
بریگیڈیئر بن سویئدان نے کمانڈ سینٹر اور فیلڈ پیٹرولز کے درمیان بہترین ہم آہنگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ دبئی پولیس کی موثر ایمرجنسی رسپانس کا عملی نمونہ ہے۔
دبئی پولیس نے کروز کنٹرول سسٹم کی خرابی کی صورت میں ڈرائیورز کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے میں گھبرانے کے بجائے پرسکون رہیں، سیٹ بیلٹ باندھ کر ہیزرڈ لائٹس آن کریں، فوری طور پر 999 پر اطلاع دیں، گیئر کو نیوٹرل پر شفٹ کر کے گاڑی بند کریں اور دوبارہ اسٹارٹ کرنے کی کوشش کریں۔ اگر یہ طریقہ کارگر نہ ہو تو بریک پر مسلسل دباؤ ڈالیں اور آخری حربے کے طور پر نیوٹرل اور ڈرائیو کے درمیان شفٹ کر کے گاڑی پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کریں۔
دبئی پولیس کے اہلکار نے ڈرائیورز کو تاکید کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کے بریک اور کروز کنٹرول سسٹمز کی باقاعدہ جانچ پڑتال کو یقینی بنائیں کیونکہ ایمرجنسی کی صورتحال میں بروقت فیصلے جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔






