متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں ستمبر میں ایشیا کپ کی میزبانی؟ کرکٹ بورڈ حکام نے وضاحت کر دی

خلیج اردو
دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی ڈھاکہ میں ہونے والی سالانہ میٹنگ کے بعد بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے حتمی اعلان چند دنوں میں متوقع ہے۔ ان کا بیان اس وقت سامنے آیا جب بعض بھارتی اور مقامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ یو اے ای ستمبر میں ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا۔

تاہم ابھی تک اے سی سی یا بی سی سی آئی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ متحدہ عرب امارات کا ایشیا کپ کی میزبانی کا امکان اس لیے بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ٹیموں کے ایک دوسرے کے ملک میں سفر پر پابندیاں عائد ہیں۔

یاد رہے کہ یو اے ای اس سے قبل بھی آئی سی سی کے بڑے ایونٹس بشمول ٹی 20 ورلڈ کپ، ایشیا کپ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی میزبانی کر چکا ہے۔

اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور جلد اس حوالے سے باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت حتمی مراحل میں ہے اور تمام 25 رکن ممالک اس اجلاس میں شریک ہوئے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایشیا کپ 2025 کی میزبانی کے حقوق دیے گئے تھے تاہم بھارت اور پاکستان کے کرکٹ بورڈز کے درمیان جاری تنازعات کے باعث حتمی فیصلہ تاخیر کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ "براہ کرم حتمی اعلان کا انتظار کریں، اس حوالے سے جلد پیش رفت متوقع ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button