متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں 2025-2026 تعلیمی سال کا کیلنڈر جاری: طلبہ، والدین اور اساتذہ کے لیے اہم نکات

خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے 2025-2026 تعلیمی سال کے لیے سرکاری تعلیمی کیلنڈر جاری کر دیا ہے، جو ملک بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں پر لاگو ہوگا۔ اس کیلنڈر کا مقصد طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں کے لیے ایک منظم و مربوط تعلیمی سال فراہم کرنا ہے، تاکہ تعلیمی و تدریسی سرگرمیاں ہم آہنگ انداز میں جاری رہیں۔

اگرچہ امتحانات کے نظام الاوقات کے مطابق اسکولوں کو لچک فراہم کی جاتی ہے، تاہم ہر تعلیمی سال میں کم از کم 182 تدریسی دن مکمل کرنا لازمی ہوگا۔

وزارت اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق (MoHESR) نے بھی ملک بھر کی تمام سرکاری و نجی جامعات کے لیے ایک نیا تعلیمی کیلنڈر متعارف کرایا ہے، جو 2025-2026 تعلیمی سال سے نافذ العمل ہوگا۔

اسکولوں کے لیے کلیدی تاریخیں اور تبدیلیاں:

  • تعلیمی سال کا آغاز: 25 اگست 2025

  • تعلیمی سال کا اختتام: 3 جولائی 2026 (شارجہ میں 2 جولائی)

تعطیلات و بریکس:

  • موسم سرما کی تعطیلات: 8 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026

  • موسم بہار کی تعطیلات: 16 مارچ سے 29 مارچ 2026 (شارجہ کے نجی اسکول 23 مارچ سے دوبارہ کھلیں گے)

سرکاری نصاب اسکولوں کے مڈٹرم بریک:

  • ٹرم 1: 13 اکتوبر تا 19 اکتوبر 2025

  • ٹرم 2: 11 فروری تا 15 فروری 2026

  • ٹرم 3: 25 مئی تا 31 مئی 2026 (عید الاضحی کی تعطیلات کے مطابق)

بین الاقوامی نصاب اسکولز:

  • پہلا ٹرم: 5 دسمبر 2025 کو اختتام پذیر ہوگا

  • دوسرا ٹرم: 5 جنوری 2026 سے 15 مارچ 2026 تک جاری رہے گا

  • تیسرا ٹرم: 30 مارچ سے 3 جولائی 2026 (شارجہ میں 2 جولائی)

انڈین نصاب اسکولز:
ان اسکولوں کو بھی عمومی طور پر مقررہ آغاز و اختتام کی تاریخوں کی پابندی کرنا ہوگی، تاہم سی بی ایس ای (CBSE) اور آئی سی ایس ای (CISCE) امتحانات کے مطابق تاریخوں میں معمولی رد و بدل کی اجازت ہوگی۔ انڈین نصاب اسکولز عموماً اپریل میں تعلیمی سال کا آغاز کرتے ہیں اور مارچ میں اختتام کرتے ہیں۔

نجی اسکولز کے لیے ترمیم کی اجازت:
دیگر نصاب والے نجی اسکولوں کو اکتوبر اور فروری میں دو مڈٹرم بریک دینے کی اجازت ہوگی، جو پانچ دن سے زیادہ نہیں ہوں گی۔ یہ بریک صرف مقررہ مہینوں میں دی جا سکیں گی اور ان میں توسیع یا تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔

اس سال موسم سرما کی تعطیلات لمبی کیوں ہوں گی؟
پہلا ٹرم اس بار چار ہفتے کی موسم سرما کی تعطیلات کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، جو پہلے تین ہفتے کی چھٹیوں سے زیادہ ہے۔ یہ تعطیلات طلبہ کے لیے آرام اور قومی و کمیونٹی سرگرمیوں میں شرکت کا موقع فراہم کریں گی۔

یکساں تعلیمی کیلنڈر کا مقصد:
اس کیلنڈر کا مقصد تمام امارات اور اسکولوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ والدین اور ادارے سال بھر کے منصوبے بہتر انداز میں ترتیب دے سکیں۔ وقفوں کا بہتر تقسیم طلبہ و اساتذہ کے لیے ذہنی دباؤ کم کرنے اور توانائی بحال کرنے میں مددگار ہوگا۔

وزارت کی جانب سے ٹرم کے اختتام پر حاضری اور امتحانات سے متعلق ہدایات:
وزارت نے تمام اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ٹرم کے آخری ہفتے میں نصاب کی تکمیل یا حتمی امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنائیں تاکہ طلبہ آخری دن تک اسکول آئیں۔ یہ ہدایت بین الاقوامی امتحانات والے درجات پر لاگو نہیں ہوگی۔ نجی اسکولز جو قومی نصاب پر عمل کرتے ہیں انہیں سرکاری اسکولوں کے مرکزی امتحانی شیڈول کی پابندی کرنی ہوگی۔

اعلیٰ تعلیمی اداروں (HEIs) کے لیے اہم نکات:

  • تعلیمی سال کا آغاز: 25 اگست 2025

  • تعلیمی سال کا اختتام: 3 جولائی 2026 (بین الاقوامی جامعات مستثنیٰ)

جامعات کی تعطیلات:

  • موسم سرما کی تعطیلات: 8 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026

  • موسم بہار کی تعطیلات: 16 مارچ سے 29 مارچ 2026
    (ادارے ان تعطیلات کو ایک ہفتے کے اندر ادھر اُدھر کر سکتے ہیں مگر دورانیہ تبدیل نہیں ہوگا)

جامعات کے لیے لچکدار شیڈول:
جامعات کو پروگرامز یا اسپیشلائزیشن کے مطابق مخصوص آغاز کی تاریخ مقرر کرنے کی اجازت ہوگی۔ وہ تعطیلات میں ایک ہفتے کی رد و بدل اور سمر سیمسٹر کی بنیاد پر اختتامی تاریخ میں بھی ترمیم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button