
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں دستیاب مقبول دبئی چاکلیٹ مصنوعات سالمونیلا کی آلودگی سے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے جس چاکلیٹ اسپریڈ کے حوالے سے وارننگ جاری کی گئی ہے، وہ یو اے ای کی مقامی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہے۔
وزارت کے مطابق جس پروڈکٹ پر امریکی ایف ڈی اے نے وارننگ جاری کی ہے، وہ "ایمک برانڈ کی اسپریڈ پستہ کوکو کریم ود قادائف” ہے جو ملک سے باہر تیار کی جاتی ہے اور مقامی مارکیٹ میں فروخت نہیں ہو رہی۔ اس پروڈکٹ کو دبئی چاکلیٹ کے ذائقوں سے متاثر قرار دے کر پیش کیا جا رہا ہے، لیکن اس کا یو اے ای میں دستیاب دبئی چاکلیٹ مصنوعات سے کوئی تعلق نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دبئی کے معروف برانڈ "فکس ڈیزرٹ چاکلیٹیئر” کی چاکلیٹ مصنوعات جو مقامی مارکیٹ میں دستیاب ہیں، اعلیٰ معیار اور فوڈ سیفٹی کے تمام عالمی اصولوں کے مطابق تیار کی جاتی ہیں اور سالمونیلا سے پاک ہیں۔ وزارت نے زور دیا کہ ایف ڈی اے کی وارننگ صرف امریکی مارکیٹ میں دستیاب پروڈکٹ تک محدود ہے۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صارفین کی صحت کے تحفظ کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور غذائی تحفظ کی نگرانی کا عمل مسلسل جاری رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی کمپنی ورلڈ مارکیٹ نے "ایمک اسپریڈ پستہ کوکو کریم ود قادائف” کی ایک کھیپ سالمونیلا کے خدشات کے باعث مارکیٹ سے واپس منگوائی تھی۔ یہ مصنوعات 11 جون سے 9 جولائی 2025 کے درمیان تقسیم کی گئی تھیں، جسے ایف ڈی اے نے خطرے کی اعلیٰ سطح (کلاس I) پر قرار دیا تھا۔






