متحدہ عرب امارات

دبئی: شیخ محمد بن راشد المکتوم کا مال آف دی ایمیریٹس کا دورہ، سپر مارکیٹ میں عوام کے درمیان خوشگوار لمحے

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم حالیہ دنوں دبئی کے مختلف مقامات پر اچانک عوام کے درمیان نمودار ہو کر شہریوں کے دل جیت رہے ہیں۔ اس ہفتے انہوں نے مال آف دی ایمیریٹس کا دورہ کیا جہاں وہ ایک سپر مارکیٹ کے اندر بھی دیکھے گئے۔

دورے کے دوران شیخ محمد کو دیکھ کر ایک خاتون نے پرجوش انداز میں پکارا "We love you!”، جو ان کے عوام میں مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ وہ حسبِ معمول بغیر کسی مسلح سیکیورٹی گارڈز کے، نہایت سادہ اور عام شہریوں کی طرح مال کے اندرونی حصوں میں گھومتے نظر آئے۔ ان کے ہاتھ میں ایک عصا تھا اور وہ اسٹاف کے ہمراہ تھے۔ یہ انداز دنیا کے کئی عالمی رہنماؤں سے بالکل مختلف ہے جو سخت حفاظتی حصار میں ہوتے ہیں۔

اس سے قبل انہیں دبئی مال کے ایک کیفے سے باہر نکلتے ہوئے بچوں کے ساتھ تصاویر بنواتے اور شہریوں سے گرمجوشی سے گفتگو کرتے دیکھا گیا تھا۔ وہ شدید گرمی کے باوجود دیرا کے بازاروں میں بھی عوام کے درمیان دیکھے گئے۔

مال آف دی ایمیریٹس کے دورے کے دوران ایک سپر مارکیٹ (جس کا امکان Carrefour بتایا جا رہا ہے) میں وہ راہگیروں کے درمیان گھومتے رہے۔ لوگ احتراماً راستہ چھوڑتے اور اپنے فون نکال کر ان لمحات کو قید کرتے نظر آئے۔

اس ہفتے کے دوران شیخ محمد نے دبئی ٹرام پر بھی سفر کیا جہاں مسافروں نے انہیں دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا اور کئی افراد نے ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنائیں۔

شیخ محمد بن راشد المکتوم کی یہ عوامی ملاقاتیں ان کی قیادت میں موجود عاجزی اور سادگی کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کے یہ غیر رسمی دورے دبئی کے شہریوں کے ساتھ ان کے گہرے تعلق کی علامت بن چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button