متحدہ عرب امارات

الاتحاد ایئر ویز کا وز ایئر ابوظہبی کے ملازمین کی بھرتی پر غور، سی ای او کا اعلان

خلیج اردو
اتحاد ایئر ویز کے سی ای او انتونوالدو نیوس نے کہا ہے کہ کمپنی وز ایئر ابوظہبی کے ملازمین کی بھرتی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ وز ایئر ابوظہبی نے یکم ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں اپنی پروازیں معطل کرنے اور مشترکہ منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث تقریباً 450 ملازمین غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔

خلیج ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں انتونوالدو نیوس نے کہا کہ "ہم وز ایئر ابوظہبی کے ملازمین کو بھرتی کرنے کے لیے مکمل طور پر کھلے ہیں، ہمیں عملے کی ضرورت ہے، اور مجھے یقین ہے کہ دیگر ایئرلائنز بھی ان ملازمین کو بھرتی کرنے کی کوشش کریں گی۔ یہ کاروبار کے معمولات کا حصہ ہے۔ ہم دنیا بھر سے ریزیومے وصول کرنے کے لیے تیار ہیں۔”

بلومبرگ کے مطابق، وز ایئر کے سی ای او جوزف ورادی نے ابوظہبی کے ملازمین کو یورپ میں کمپنی کے دیگر نیٹ ورکس میں ملازمت کی پیشکش کی ہے، تاہم یورپ منتقل ہونا زیادہ تر ملازمین کے لیے دشوار ثابت ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب اتحاد ایئر ویز اپنی توسیعی حکمت عملی کے تحت جارحانہ انداز میں نئے روٹس کا اضافہ کر رہی ہے۔ حال ہی میں جولائی میں سات نئے روٹس بشمول الماتے (قازقستان)، باکو (آذربائیجان)، بخارسٹ (رومانیہ)، مدینہ (سعودی عرب)، تبلیسی (جارجیا)، تاشقند (ازبکستان)، اور یریوان (آرمینیا) کا اعلان کیا گیا ہے۔ اتحاد نے ایک سال کے دوران 27 نئے روٹس لانچ یا اعلان کیے ہیں۔

انتونوالدو نیوس نے بتایا کہ کمپنی نے جرمنی کے ایئربس فیکن ورڈر پلانٹ سے اپنا پہلا A321LR (لانگ رینج) طیارہ وصول کر لیا ہے، اور آئندہ چند سالوں میں مزید 30 طیارے حاصل کیے جائیں گے۔ اس سال 22 نئے طیارے شامل کیے جا رہے ہیں، جس کے بعد آئندہ پانچ سالوں میں کمپنی کا فلیٹ 200 سے 220 طیاروں پر مشتمل ہوگا۔

"ہم 2025 تک 2,500 افراد کی بھرتی کر رہے ہیں، جن میں سالانہ 350 پائلٹس اور 1,500 کیبن کریو شامل ہوں گے۔ ہمارا ہدف اگلے پانچ سالوں میں 17,000 سے 18,000 ملازمین تک پہنچنا ہے،” انہوں نے کہا۔

اس وقت اتحاد ایئر ویز کے پاس تقریباً 12,000 ملازمین موجود ہیں۔ گزشتہ سال کمپنی نے 2,000 سے زائد نئے ملازمین کی بھرتی کی اور 1,500 سے زائد کو ترقی دی، جن میں زیادہ تر پائلٹس اور کیبن کریو شامل تھے۔

یو اے ای کی ایئرلائنز وبا کے بعد بھرپور بھرتیوں کے مرحلے میں ہیں۔ گزشتہ ہفتے ایمریٹس گروپ نے موجودہ مالی سال میں 17,300 اسامیوں کے لیے بھرتیوں کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button