
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات میں ہفتے کے اختتام کے ساتھ ہی موسم میں اچانک تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹیرولوجی (NCM) کے مطابق اتوار 27 جولائی کو ملک کے مختلف حصوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں، جس نے شہریوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔
بارشوں کے شوقین اور موسم کے ماہرین اس غیر متوقع تبدیلی سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری، بارش اور تیز ہواؤں نے جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا، وہیں ملک کے دیگر علاقوں میں درجہ حرارت تقریباً 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ راس الخیمہ کی جیس پہاڑیوں پر درجہ حرارت کم ہو کر 27.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ الظفرہ ریجن کے مزیرعہ میں دوپہر تین بجے 49.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
NCM کے مطابق راس الخیمہ کے شوکہ اور وادی اسفیٰ میں ہلکی بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اسٹورم سینٹر پر ان علاقوں کی ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں، جہاں بادلوں سے ڈھکے پہاڑوں پر ہلکی بارش کا منظر دیکھا گیا۔
شارجہ کے وسطی علاقے میں واقع الخضیر اور المدام روڈز پر بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں تیز ہواؤں نے پودوں اور دیگر اشیاء کو اڑایا۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں کیلئے نارنجی اور پیلے رنگ کی وارننگز جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے اور بیرونی سرگرمیوں میں محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ابوظہبی پولیس نے بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن کے خدشے کے پیش نظر ڈرائیورز سے محتاط ڈرائیونگ کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ الیکٹرانک انفارمیشن بورڈز پر دکھائی جانے والی رفتار کی حد کا خاص خیال رکھا جائے۔
قبل ازیں، صبح کے اوقات میں بعض علاقوں میں گہری دھند کے باعث افقی حدِ نگاہ میں کمی کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی، جس کے باعث شہریوں کو صبح کے وقت سفر میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔







