متحدہ عرب امارات

شارجہ کا سابق رہائشی برطانیہ میں موٹر سائیکل حادثے میں جاں بحق، اگلے ماہ وطن واپسی کا پروگرام تھا

خلیج اردو
شارجہ: متحدہ عرب امارات کا سابق رہائشی جیفرسن جسٹن برطانیہ میں موٹر سائیکل حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔ 27 سالہ جیفرسن 25 جولائی بروز جمعہ لیڈز کے ویلنگٹن روڈ پر حادثے کا شکار ہوا۔ اہل خانہ کے مطابق وہ کام سے واپسی پر تھا جب موڑ کاٹتے ہوئے اس کی موٹر سائیکل پھسل گئی اور ایک دیوار سے جا ٹکرائی۔

جیفرسن کے بڑے بھائی جوون جسٹن نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "حادثہ شام 5:30 بجے کے قریب پیش آیا۔ وہ اگلے ماہ ہم سے ملنے کے لیے شارجہ آنے والا تھا اور ہم سب اس ملاقات کے منتظر تھے۔”

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ اسباب کا تعین کیا جا سکے۔ جوون کے مطابق جیفرسن کی موٹر سائیکل زیادہ طاقتور نہیں تھی اور صرف دیہی سڑکوں پر استعمال ہوتی تھی۔ "وہ ہمیشہ مکمل حفاظتی سامان پہنتا تھا، ہیلمٹ، نی پیڈز، دستانے، سب کچھ۔ وہ بہت محتاط ڈرائیور تھا اور چار سال سے یہی موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔”

ہمیشہ مسکراہٹ بانٹنے والا

جوون نے اپنے بھائی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ "وہ ہمیشہ مسکراتا رہتا تھا اور دوسروں کی خوشی کے لیے اپنی خوشیاں قربان کرنے والا انسان تھا۔ وہ واقعی ایک نرم دل اور خوش مزاج شخص تھا جو چاہتا تھا کہ ہر کوئی خوش رہے۔”

جیفرسن تین بھائیوں میں درمیانی تھا اور شارجہ میں پلا بڑھا۔ اس نے اپنے بڑے بھائی جوون اور چھوٹے بھائی جوناتھن کے ساتھ امارات نیشنل اسکول شارجہ سے تعلیم حاصل کی۔ ان کا خاندان گزشتہ تین دہائیوں سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے۔

اہل خانہ اب جیفرسن کی میت کو واپس متحدہ عرب امارات لانے کے خواہاں ہیں تاکہ اس کی تدفین شارجہ میں کی جا سکے۔ جوون نے کہا کہ "جیفرسن یہاں آ کر بسنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ اسے وہیں دفنایا جائے جہاں وہ رہنا چاہتا تھا۔ لیکن ہمیں معلوم نہیں کہ کاغذی کارروائی اور قانونی معاملات میں کتنا وقت لگے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button