متحدہ عرب امارات

پاکستانی سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے متحدہ عرب امارات میں ویزا استثنیٰ نافذ، تمام ایئرپورٹس پر عملدرآمد شروع

خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کیلئے ویزا سے استثنیٰ کا معاہدہ نافذ العمل ہو گیا ہے۔ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنے بیان میں کہا کہ یو اے ای کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ان کی ملاقات میں مطلع کیا گیا کہ یہ ویزا استثنیٰ 25 جولائی 2025 سے متحدہ عرب امارات کے تمام ایئرپورٹس پر مؤثر ہو چکا ہے۔

دونوں ممالک نے جولائی کے آخری ہفتے میں ابوظہبی میں ہونے والے پاکستان-یو اے ای جوائنٹ منسٹریل کمیشن (JMC) کے 12ویں اجلاس کے دوران سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کیلئے ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ "24 جون 2025 کو ابوظہبی میں یو اے ای کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران ہم نے باہمی طور پر سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کیلئے ویزا استثنیٰ پر اتفاق کیا اور ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دستخط کے 30 دن بعد اس پر عملدرآمد شروع ہونا تھا۔”

ڈار نے مزید کہا کہ انہیں یو اے ای حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے ویزا استثنیٰ نافذ العمل ہو چکا ہے۔ اس سہولت کا اطلاق یو اے ای کے تمام ہوائی اڈوں پر کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ باہمی اصول کے تحت پاکستانی ایئرپورٹس پر بھی یو اے ای کے سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کیلئے یہی سہولت فعال کر دی گئی ہے۔

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سفارتی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہمیشہ سے مضبوط رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں 17 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جبکہ ہر سال لاکھوں پاکستانی سیاح یو اے ای کا رخ کرتے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے متعدد دورے بھی ان تعلقات کا ثبوت ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ویزا استثنیٰ صرف سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کیلئے ہے، عام پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے یہ سہولت دستیاب نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button