متحدہ عرب امارات

دبئی پولیس نے بنگلہ دیشی حکام کے تعاون سے 11 لاکھ درہم مالیت کا زیورات کا بیگ برآمد کر لیا

خلیج اردو
دبئی پولیس نے ایک مقامی جیولر کا زیورات سے بھرا بیگ واپس کر دیا جس کی مالیت تقریباً 11 لاکھ درہم تھی، جو وہ ایک اور ملک میں گم کر بیٹھا تھا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب دبئی کا رہائشی جیولر ایک جیولری نمائش میں شرکت کے لیے ایک خلیجی ملک گیا۔ اس کے ہمراہ چار بیگز تھے جن میں قیمتی ہیروں کے زیورات رکھے تھے۔ منزل پر پہنچنے کے بعد اسے معلوم ہوا کہ ان میں سے ایک بیگ اس کا نہیں ہے۔

جیولر فوری طور پر اسی دن واپس دبئی آیا اور جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ایئرپورٹ سیکیورٹی میں رپورٹ درج کروائی۔ تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ایک بنگلہ دیشی مسافر نے سیکیورٹی چیک کے دوران غلطی سے جیولر کا بیگ اٹھا لیا تھا کیونکہ دونوں بیگز شکل و صورت میں ایک جیسے تھے۔

بنکاک میں غلط بیگ اٹھانے کے بعد وہ مسافر واپس بنگلہ دیش روانہ ہو گیا جبکہ جیولر کے پاس بنگلہ دیشی مسافر کا بیگ رہ گیا۔ دبئی پولیس نے قانونی اور انتظامی اقدامات شروع کیے اور یو اے ای سفارت خانے ڈھاکہ اور بنگلہ دیشی حکام سے براہ راست رابطہ کر کے بیگ کا سراغ لگا لیا اور اسے دبئی میں مالک کے حوالے کر دیا۔

بیگ کی واپسی پر جیولر نے دبئی پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "میں الفاظ نہیں ڈھونڈ پا رہا کہ آپ کا شکریہ کس طرح ادا کروں۔ آپ کی باریک بینی اور لوگوں کی خوشی کے لیے مخلصانہ کوششیں واقعی قابل ستائش ہیں۔”

دوسری جانب دبئی پولیس نے بنگلہ دیشی حکام کے تعاون کو سراہا اور بین الاقوامی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button