
خلیج اردو
دبئی: دبئی میں مقیم غیر ملکی خواتین کیلئے ’دی مم کلب‘ ایک نئی امید بن کر سامنے آیا ہے جو نومبر 2022 میں صرف ایک کافی میٹنگ سے شروع ہوا اور آج ماہانہ آٹھ تقریبات کے ساتھ تین ہزار سے زائد ماؤں کو جوڑ چکا ہے۔ برطانیہ کے اس معروف کمیونٹی کلب کا دبئی فرنچائز خواتین کو ایک ایسا محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کر رہا ہے جہاں وہ اپنی ذہنی سکون کے لیے ایک دوسرے کا سہارا بن سکیں۔ کلب کا مقصد نئی ماؤں کو اپنی شناخت واپس دلانا اور پردیس میں تنہائی کے احساس کو ختم کرنا ہے۔
’دی مم کلب‘ کی بانی جو نے دبئی آ کر اسی مسئلے کا سامنا کیا اور برطانیہ میں کلب کے تجربے کے بعد اسے دبئی میں متعارف کرایا۔ کلب ہر قومیت اور عمر کی خواتین کو خوش آمدید کہتا ہے۔ تقریبات میں بچوں کیلئے نرسنگ سٹاف، آرام دہ ماحول، اور ماؤں کیلئے ذہنی و جسمانی سکون کی سرگرمیاں شامل ہیں۔
کلب کی سب سے مقبول سرگرمی ‘بریک فاسٹ کلب’ ہے جہاں مائیں بہترین کھانے اور حقیقی گفتگو کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب آتی ہیں۔ علاوہ ازیں، ریفارمر پیلٹس کلاسز اور بیبی فرینڈلی سنیما سکریننگ بھی اس کے نمایاں فیچرز ہیں۔
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی نازلی ڈی گی نے کلب میں شمولیت کے تجربے کو زندگی بدلنے والا قرار دیا۔ نازلی، جو چار بچوں کی ماں ہیں، دبئی آ کر تنہائی، نئے ماحول اور کاروباری جدوجہد کا شکار تھیں لیکن ’دی مم کلب‘ نے انہیں نہ صرف دوستوں کا دائرہ دیا بلکہ اپنی کاروباری پہچان بنانے کا موقع بھی فراہم کیا۔






