
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں یکم اگست کو درجہ حرارت 51.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، تاہم الاَین شہر کے رہائشیوں کو شدید گرمی کے دوران اتوار کے روز بارش سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔ ملک بھر میں اس وقت موسم گرما کی شدت اپنی انتہاء پر ہے جسے "المرزم” کہا جاتا ہے اور یہ مرحلہ 10 اگست تک جاری رہے گا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں الاَین کے رہائشی علاقے ام غافہ میں موسلا دھار بارش کے مناظر دیکھے گئے۔ بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں جنہوں نے درختوں کو جھکنے پر مجبور کر دیا اور موسم کی شدت کو مزید بڑھا دیا۔
تیز بارش اور جھکڑوں کے باعث ڈرائیورز کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب عمان کے صوبے محدہ میں بھی مسلسل بارش کے مناظر ریکارڈ کیے گئے، جو الاَین سے متصل علاقہ ہے۔
ماہرین موسمیات نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ اس قسم کی غیر متوقع موسم کی صورتحال موسم گرما کے دوران معمول کا حصہ ہے جو وسط جولائی سے وسط اگست تک جاری رہتی ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (NCM) کے ماہر ڈاکٹر احمد حبیب کے مطابق، "یہ موسمی رجحانات مشرق سے آنے والے کم دباؤ کے سسٹم، بحیرہ عرب سے آنے والی نمی اور انٹرا ٹراپیکل کنورجنس زون (ITCZ) کی شمال کی جانب منتقلی کے باعث پیدا ہوتے ہیں۔”







