متحدہ عرب امارات

ایشیا کپ: بھارت پاکستان میچ کے جعلی ٹکٹوں کی فروخت، قیمتیں 11 ہزار درہم سے تجاوز کر گئیں

خلیج اردو
دبئی: ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کے اعلان کے بعد سے شائقین کرکٹ بھارت اور پاکستان کے درمیان 14 ستمبر کو ہونے والے میچ کے ٹکٹوں کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے مقابلے ہمیشہ ہی دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کے لیے مرکزِ نگاہ ہوتے ہیں۔

مگر اس بار ٹکٹوں کی طلب سے فائدہ اٹھاتے ہوئے متعدد جعلی ویب سائٹس میدان میں آ چکی ہیں جو جعلی ٹکٹیں فروخت کر رہی ہیں۔ خلیج ٹائمز کی جانب سے کیے گئے گوگل سرچ کے دوران درجنوں ایسی ویب سائٹس سامنے آئیں جو بھارت پاکستان میچ کے ٹکٹ فروخت کرنے کا دعویٰ کر رہی ہیں۔ ان میں کئی سپانسرڈ ویب سائٹس بھی شامل تھیں جو سرچ رزلٹس میں نمایاں مقام پر دکھائی دے رہی تھیں۔

ایک ویب سائٹ پر ایک وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 11 ہزار درہم سے زائد رکھی گئی ہے جبکہ دیگر ویب سائٹس پر بھی ٹکٹوں کی قیمتیں غیر معمولی حد تک زیادہ بتائی جا رہی ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ ابھی تک ایشیا کپ کے سرکاری ٹکٹوں کی فروخت کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی آفیشل پلیٹ فارم ٹکٹ فروخت کر رہا ہے۔ ایسے میں شائقین کرکٹ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے مشکوک ویب سائٹس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔

متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے بھی بارہا انتباہ جاری کیا جا چکا ہے کہ شہری غیر مصدقہ لنکس پر کلک کرنے سے پہلے URL کا بغور جائزہ لیں تاکہ کسی اسکیم کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button