
خلیج اردو
دبئی – ایمریٹس ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر 2025 سے پرواز کے دوران کسی بھی قسم کے پاور بینک کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ مسافروں کو ایک پاور بینک لے جانے کی اجازت ہوگی، تاہم اسے استعمال کرنا یا جہاز کے پاور سورس سے چارج کرنا ممنوع ہوگا۔
ایئرلائن کے مطابق صرف وہ پاور بینک لے جانے کی اجازت ہوگی جو 100 واٹ آور سے کم کی گنجائش رکھتے ہوں اور جن پر صلاحیت کی معلومات درج ہو۔ پاور بینک جہاز میں اوور ہیڈ لاکر میں نہیں رکھے جا سکیں گے بلکہ سیٹ کے نیچے یا سیٹ جیب میں رکھنا لازمی ہوگا، جبکہ چیک ان بیگیج میں رکھنے پر پہلے سے ہی پابندی موجود ہے۔
ایمریٹس نے واضح کیا کہ یہ اقدام مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور لیتھیم بیٹری سے جڑے عالمی فضائی حادثات میں اضافے کے باعث جامع حفاظتی جائزے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ لیتھیم آئن یا لیتھیم پولیمر بیٹریوں والے پاور بینکس اگر اوور چارج یا خراب ہو جائیں تو "تھرمل رن اوے” نامی خطرناک عمل شروع ہو سکتا ہے، جس سے بیٹری کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھ کر آگ لگنے یا دھماکے کا سبب بن سکتا ہے۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ پاور بینکس کو مسافروں کی پہنچ میں رکھنے سے ہنگامی صورتحال میں عملہ فوری کارروائی کر سکے گا، اور یہ نیا ضابطہ پرواز کے دوران پاور بینک کے استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات کو نمایاں طور پر کم کرے گا۔







