متحدہ عرب امارات

اسپنیز کے شیئر کی قیمت میں نمایاں بہتری، آئی پی او قیمت سے تجاوز

خلیج اردو
دبئی: دبئی کے مشہور گروسری ریٹیلر اسپنیز کے شیئر کی قیمت ایک بار پھر اس کی ابتدائی عوامی پیشکش (IPO) کی قیمت ایک درہم 53 فلس سے بڑھ گئی ہے۔ کمپنی کے مضبوط سال 2025 کی پہلی ششماہی کے مالی نتائج اور سعودی عرب میں حالیہ توسیع سے مستحکم منافع نے اس بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔

جمعہ کو دبئی فنانشل مارکیٹ میں اسپنیز کے شیئر ایک درہم 59 فلس پر ٹریڈ ہو رہے تھے، جبکہ دن کے دوران ایک درہم 62 فلس کی سطح تک پہنچے۔ گزشتہ ایک ماہ میں کمپنی کے شیئرز میں 8.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسپنیز نے مئی 2024 میں ڈی ایف ایم پر لسٹنگ کے ذریعے ایک ارب 37 کروڑ درہم اکٹھے کیے تھے، اور یہ نجی اداروں میں سے ایک تھا جس نے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیلی اختیار کی۔

کمپنی کے شیئرز ایک عرصے تک آئی پی او قیمت سے نیچے رہے، تاہم پچھلے ایک ماہ میں ان میں تیزی سے بہتری آئی ہے۔ لسٹنگ کے پہلے دن شیئر ایک درہم 66 فلس پر بند ہوئے تھے۔

گلوبل کیپیٹل پارٹنرز کے منیجنگ ڈائریکٹر سمیر لکھانی کے مطابق اسپنیز کی شاندار کارکردگی نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے، جو اب اس کے شیئرز کو آئی پی او قیمت سے اوپر ٹریڈ کرنے کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جارحانہ اسٹور توسیع منصوبہ اور پرائیویٹ لیبل بزنس کے ذریعے منافع بڑھانے کی حکمت عملی نے سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

اسپنیز نے حال ہی میں اپنا پریمیم پرائیویٹ لیبل برانڈ ’’ڈسکوری بائے اسپنیز‘‘ متعارف کرایا، جس نے صارفین میں مقبولیت حاصل کی۔ پرائیویٹ لیبل کاروبار عالمی سطح پر سپر مارکیٹ ریٹیلرز کے لیے زیادہ منافع کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ کمپنی نے 2025 کی پہلی ششماہی میں 9 نئے اسٹورز کھولے، جس سے 1.8 ارب درہم کی آمدنی ہوئی اور مجموعی منافع کا مارجن 41.5 فیصد رہا، جو 2024 کے 41.3 فیصد سے زیادہ ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button