متحدہ عرب امارات

امارات کا غزہ پر اسرائیلی قبضے کے فیصلے پر شدید مذمت

خلیج اردو – دبئی
متحدہ عرب امارات نے جمعہ کے روز اسرائیلی حکومت کے غزہ پٹی پر قبضے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تباہ کن نتائج کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق یا انہیں بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کیا جاتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مزید کشیدگی کو روکنے، خطے کو مزید تشدد، تناؤ اور عدم استحکام کی نئی سطح پر جانے سے بچانے، اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔

امارات نے واضح کیا کہ فلسطینی حقوق کا تحفظ اب سیاسی نہیں بلکہ اخلاقی، انسانی اور قانونی ضرورت ہے، اور خطے میں استحکام صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ممکن ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ نے غزہ شہر پر قبضہ کرنے کا منصوبہ منظور کیا ہے تاکہ اپنی فوجی کارروائی کو مزید بڑھایا جا سکے، جس پر دنیا بھر سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اسے خطرناک اضافہ قرار دیا جو فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا باعث بنے گا۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل کا مقصد غزہ پر قبضہ نہیں بلکہ اسے حماس سے آزاد کرا کے وہاں ایک پرامن حکومت قائم کرنا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button