
خلیج اردو
9 اگست 2025
دبئی کے تیزی سے ترقی پذیر علاقے نڈ العشبا-4 میں تعمیراتی شور ایک عام پریشانی ہے، مگر یہاں کے ایک رہائشی نے اسے آداب اور تہذیب کا درس بنا دیا ہے۔ ایک نامکمل ولا کے باہر، مالک محمد علی الفلاسی کی جانب سے ایک بڑا چھپا ہوا بورڈ نصب ہے، جو رہائشیوں کو شکایت کے بجائے معذرت پیش کرتا ہے۔
بورڈ پر صاف اور بولڈ الفاظ میں لکھا ہے: "معذرت… اور تکلیف کے لیے معافی چاہتا ہوں۔ میرے عزیز پڑوسیوں، نبی پاکﷺ نے اپنے پڑوسی کے ساتھ مہربانی اور ان کے حقوق کی تاکید کی ہے۔ میں ماضی یا مستقبل میں ہونے والی کسی بھی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہوں اور امید کرتا ہوں کہ جلد تعمیر مکمل کر کے آپ کے حسن سلوک کا مستحق بنوں گا۔ آپ کا بھائی، محمد علی الفلاسی۔”
محمد علی الفلاسی کے بقول یہ خیال ان کی اہلیہ نے تعمیر کے پہلے اینٹ رکھنے سے پہلے دیا تھا، جنہوں نے تاکید کی کہ تعمیر کے کام کے ساتھ ساتھ پڑوسیوں کی راحت کو بھی اولین ترجیح دی جائے۔
دبئی کے رہائشی علاقوں میں تعمیراتی کام کے دوران گاڑیوں کی گڑگڑاہٹ، ڈرلنگ اور ملبہ ہٹانے کی آوازیں اکثر شور و غل پیدا کرتی ہیں، جو دن بھر کی تھکن کے بعد سکون چاہنے والوں کے لیے ناخوشگوار ہوتی ہیں۔ مگر الفلاسی کے معذرتی پیغام نے اس روزمرہ کی تکلیف کو ایک مشترکہ مہذب تجربے میں بدل دیا ہے۔
بورڈ کے بارے میں مقامی لوگوں کا ردعمل توقع سے زیادہ گرمجوشی بھرا رہا۔ ایک پڑوسی، جس سے وہ پہلے ملے بھی نہیں تھے، نے فون کر کے کہا: "جو بھی کرنا ہے کریں، آپ ہمارے قیمتی پڑوسی ہیں۔” کئی نے کہا کہ وہ تعمیر مکمل ہونے کے بعد الفلاسی کو کمیونٹی میں خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔
یہ کہانی نڈ العشبا سے کہیں آگے جا پہنچی جب بورڈ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور اس کے احترام و ہمدردی کے مظاہرے کو سراہا گیا۔ کچھ نے کہا کہ دوسرے علاقوں میں بھی ایسے معذرتی کارڈز تقسیم کیے جاتے ہیں تاکہ تعمیراتی شور کی وجہ سے ہونے والی پریشانیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔
الفلاسی نے کہا: "اچھا پڑوسی ہونا اس وقت شروع ہوتا ہے جب آپ یہاں تعمیر کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں، اور یہ کبھی ختم نہیں ہوتا۔”







